QR CodeQR Code

سندھ میں کچے کے ڈاکو پکے ڈاکوؤں سے استعمال ہو رہے ہیں، حلیم عادل شیخ

30 May 2021 19:28

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر آپ کہتے ہیں 8 ڈاکو مارے گئے تو ان کی تصویریں دکھائیں، بتایا جائے کہ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی کو کیوں ہٹایا گیا؟ جب وزیراعلیٰ شکارپور گئے تو ان کے ساتھ کوئی ایم این اے یا ایم پی اے کیوں نہیں تھا؟


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ڈاکو راج کا مسئلہ پانی کے مسئلے میں بہانے کی کوشش کی، پیپلز پارٹی اپنی حکومت بچانے کے لئے نیشنل سکیورٹی رسک بن چکی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ میں 13 سال سے معاشی ڈاکو راج ہے، سندھ میں ڈاکو راج نے7 ہزار 780 ارب روپے کھالئے۔ حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ شکارپور میں ڈاکو آزاد ہیں، بکتربند گاڑیوں پر چڑھ کر ویڈیوز بنا رہے ہیں اور اسٹیٹ کی رٹ کو چیلنج کررہے ہیں، یہ کچے کے ڈاکو تو بیچارے ہیں جو پکے ڈاکوؤں سے استعمال ہو رہے ہیں، پکے کے ڈاکو کراچی کے بنگلوں میں رہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کہتے ہیں 8 ڈاکو مارے گئے تو ان کی تصویریں دکھائیں، بتایا جائے کہ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی کو کیوں ہٹایا گیا؟ جب وزیراعلیٰ شکارپور گئے تو ان کے ساتھ کوئی ایم این اے یا ایم پی اے کیوں نہیں تھا؟ آج بھی کہتا ہوں موجودہ آئی جی سندھ کو ہٹاکر اے ڈی خواجہ کو لگا دیں، سندھ میں پی پی کا آئی جی لگا ہوا ہے۔ پانی کے مسئلے پر انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کو اپنے شیئر سے 32 فیصد کم پانی مل رہا ہے، سکھر بیراج میں 13، کوٹلی میں 30 فیصد، گڈو میں 21 فیصد پانی کی کمی ہے، سندھ میں نہروں سے 332 ڈائریکٹ کنکشن بلاول کے رشتے داروں کو دیئے گئے۔


خبر کا کوڈ: 935392

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/935392/سندھ-میں-کچے-کے-ڈاکو-پکے-ڈاکوؤں-سے-استعمال-ہو-رہے-ہیں-حلیم-عادل-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org