0
Monday 31 May 2021 09:19

کویت کا پاکستانیوں کے ویزوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

کویت کا پاکستانیوں کے ویزوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ ایک دہائی طویل معطلی کے بعد کویت نے پاکستانی خاندانوں اور تاجروں کو دوبارہ ویزا دینے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق کویت کی حکومت نے یہ فیصلہ کویتی وزیراعظم شیخ صباح الخالد الصباح اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے درمیان کویت سٹی میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کویت میڈیکل اور تیل کے شعبوں میں پاکستانی کارکنوں کے لیے تکنیکی ویزا جاری کرے گا۔ سرکاری دورے پر موجود وزیر داخلہ نے وزیراعظم عمران خان کا خصوصی مراسلہ اپنے کویتی ہم منصب کے سپرد بھی کیا۔ اس اجلاس کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کویت نے پاکستانیوں کے لیے فیملی اور کاروباری ویزوں کی فوری بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میں کہا گیا کہ معاہدے کے مطابق پاکستانی کارکن کویت کا ویزا بھی حاصل کریں گے۔بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں کویت کے وزیر داخلہ تھامر علی صباح السلیم الصباح اور کویت میں پاکستان کے سفیر سید سجاد حیدر نے بھی شرکت کی جہاں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال رہے کہ کویت نے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر 2011ء میں پاکستان، ایران، شام اور افغانستان کے شہریوں کے لیے ویزا جاری کرنا بند کر دیا تھا۔تاہم اس دوران پاکستان نے پاکستانی شہریوں کے ویزا کی بحالی کے لیے متعدد کوششیں کیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے 2017ء میں کویت کے دورے کے دوران بھی استدعا کی اور پاکستانی شہریوں کے ویزے کی بحالی کی درخواست کی تھی۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اب خلیجی ممالک میں آباد پاکستانی شہری بھی کویت جانے کے لیے آن لائن ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔ اعلامیے میں کویت کے وزیراعظم کے حوالے سے بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات 7 دہائیوں پر محیط ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اب خلیجی ممالک میں آباد پاکستانی شہری بھی کویت جانے کے لئے آن لائن ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 935454
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش