0
Monday 31 May 2021 23:53

گورنر پنجاب کی اراکینِ امریکی کانگریس سے ملاقات، مسئلہ کشمیر و فلسطین پہ تبادلہ خیال

جب تک کشمیر اور فلسطین میں مظالم جاری رہیں گے، امن کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا
گورنر پنجاب کی اراکینِ امریکی کانگریس سے ملاقات، مسئلہ کشمیر و فلسطین پہ تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ چودھری محمد سرور سے 2 اراکین امریکی کانگریس، امریکی سینیٹر اور 4 میئرز کی ملاقات ہوئی، جس میں پاک امریکہ تعلقات، مسئلہ فلسطین اور کشمیر میں بھارتی دہشت گردی سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت کی گئی۔ امریکی عہدیداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج اور عوام کی قربانیوں اور امن کیلئے کردار کو سراہا۔ گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے دورہ امریکہ کے دوران کیلیفورنیا میں امریکی کانگریس کے رکن لیوکورا، کانگریس ویمن نور ما ٹارس، امریکی سینیٹر جاشن منیومن، میئر آف اناہیم ہیری سدھو، میئر آف آرٹیسا علی سجاد تاج، میئر آف یاربا لنڈا پیگی ہانگ اور میئر پروٹیم کارلوس روڈریگز سمیت دیگر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے امریکی عہدیداروں کو کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کے قتل عام، معصوم کشمیری اور فلسطینی عوام پر مظالم، امن کے لیے پاکستان کے کردار اور کرونا سمیت دیگر ایشوز پر کیے جانیوالے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

امریکی کانگریس کے رکن لیوکورا، کانگریس ویمن نور ما ٹارس، امریکی سینیٹر جاشن منیومن اور دیگر نے افغان امن عمل اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے لئے امریکہ پاکستان کی بھرپور مدد جاری رکھے گا اور جہاں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی، امریکہ اس کا ضرور نوٹس لے گا۔ امریکی عہدیداروں نے کرونا کے خلاف پاکستانی اقدامات کو بھی سراہا۔ امریکی عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کیساتھ کھڑا ہے اور آج بھارتی آرمی چیف سمیت عالمی ادارے بھی امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور افغان امن عمل کے لیے پاکستان نے جو قربانیاں دی ہیں، دنیا میں اس کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔

اُنہوں نے کہا کہ دنیا کو چاہیئے کہ وہ بھارت اور اسرائیل پر سفارتی دباؤ ڈالے، تاکہ کشمیر اور فلسطین میں جاری مظالم کا مکمل خاتمہ ہوسکے اور وہاں کے عوام کو آزادی ملے۔ چودھری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان آج بھی سب کو امن کا پیغام دے رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیدن نے اقتدار میں آنے سے پہلے مسئلہ کشمیر کے حل کا وعدہ کیا تھا، اب وہ اقتدار میں آچکے ہیں، ہم توقع کرتے ہیں کہ جو بائیڈن وعدے کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ جب تک کشمیر اور فلسطین میں مظالم جاری رہیں گے، امن کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ دنیا کو چاہیئے کہ وہ مزید تباہی کا انتظار نہ کرے، کشمیر اور فلسطین کے عوام کو مظالم سے نجات دلائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 935601
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش