0
Wednesday 2 Jun 2021 16:48

علماء مساجد اور امام بارگاہوں سے عوام کو  ویکسینیشن کی تلقین کریں، ڈاکٹر عارف علوی

علماء مساجد اور امام بارگاہوں سے عوام کو  ویکسینیشن کی تلقین کریں، ڈاکٹر عارف علوی
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ منبر اور محراب عوام کی تدریس کے لیے اہمیت رکھتے ہیں، جمعے کے خطبات میں علماء عوام کو ویکسینیشن کی تلقین کریں۔ صدر عارف علوی نے ویڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ اجلاس میں ملک بھر کے علماء و مشائخ کو کورونا ویکسین کی اہمیت اور اس کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کے حوالہ سے محراب و منبر کے کردار کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اہم معاملات پر یکجہتی پر حکومت علماء کرام اور مشائخ کی مشکور ہے، یکجہتی کی ابتداء منبر و محراب سے ہوئی، جس کے نتیجے میں عوام کا اعتماد بحال ہوا۔ صدر مملکت نے کہا کہ کووڈ 19 کا مقابلہ کرنے کے لیے علماء و مشائخ، میڈیا، سول سوسائٹی، حکومت اور این سی او سی کی مربوط پالیسی کے نتیجے میں پاکستان نے دوسرے ممالک کے مقابلے میں اچھی کامیابی حاصل کی ہے اور یہ آپ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ عارف علوی نے کہا کہ اس حوالے سے آپ نے تعاون کرکے نیکیاں کمائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 14 سو سال سے علماء و مشائخ خدا اور اس کے رسول ۖ کا پیغام عوام تک پہنچا رہے ہیں اور اسلام کی بقاء مسلسل منبر و محراب سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد اور امام بارگاہوں پر توجہ کرنے پر لوگوں نے سوال کیا کہ بازاروں میں کیا ہو رہا ہے؟ اس پر توجہ نہیں جبکہ حکومت مساجد اور امام باگارہوں پر توجہ دے رہی ہے۔ اس حوالے سے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آپ کا کام نصیحت کرنا اور معاشرے میں اچھی بات کو پھیلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی مسائل پر علماء و مشائخ کی معاونت اور مخصوص موضوعات پر خطبات کے بارے میں کہا گیا کہ حکومت ان پر کنٹرول چاہتی ہے، حالانکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے دو سال قبل اسلامی نظریاتی کونسل سے درخواست کی تھی کہ اہم سماجی اور معاشرتی موضوعات کی مناسبت سے ایک کتابچہ تیار کیا جائے، تاکہ منبر و محراب سے اس کے بارے میں عوام کی رہنمائی کی جاسکے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ منبر و محراب سے اچھی باتوں کی تلقین قوم کے لیے ضروری ہے، ان امور سے آگاہی ملک کی ضرورت ہے اور کورونا وائرس بھی ان میں سے ایک ہے، اس لیے اس کے حوالے سے قرآنی احکامات کو عام کیا جائے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عوام الناس کی جان و مال اور صحت کی حفاظت دین کا اہم مقصد ہے، کورونا ایک وبائی مرض ہے، جس کی روک تھام شریعت کا حکم ہے، اس سے دنیا میں لاکھوں اموات ہوچکی ہیں اور ماہرین صحت اس کی ویکسین کی اہمیت پر زور دیتے ہیں اور علماء و مشائخ بھی اس کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء و مشائخ کورونا ویکسین کی تلقین کریں گے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو لگائی جاسکے اور کاروبار زندگی احسن طریقے سے جاری رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں رجسٹرڈ کی گئی ویکسین، اس کے اجزاء اور اس کی تیاری پر علماء نے اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ ویکسین لگوانے کے لیے لوگوں کو مساجد اور امام بارگاہوں سے تلقین کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشائخ پہلے بھی اس کی تلقین کر رہے ہیں اور انہوں نے خود بھی لگوائی ہے، تاہم آئندہ جمعے کے خطبات میں اس کی خصوصی تلقین کی جائے گی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور کامیابی میں علماء کا کردار اہم ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ علماء و مشائخ کے مشورے اور رہنمائی سے قوم کی تربیت کریں۔
خبر کا کوڈ : 935929
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش