0
Wednesday 2 Jun 2021 18:55

غزہ ریلیف آپریشن، الخدمت فاونڈیشن کی چندہ مہم جاری

غزہ ریلیف آپریشن، الخدمت فاونڈیشن کی چندہ مہم جاری
اسلام ٹائمز۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت فلسطین میں جاری ریلیف آپریشن کے لئے ایک کروڑ روپے کا دوسرا چیک وومن ونگ نے پیش کر دیا۔ وومن ونگ ٹرسٹ کے وفد نے الخدمت کمپلیکس لاہور میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور کو امدادی رقم کا چیک پیش کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ محمد عبدالشکور نے الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ کی صدر نویدہ انیس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہماری بہنیں خدمت خلق کے میدان میں بھی کسی سے پیچھے نہیں۔ مشکل کی ہر گھڑی میں الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ نے ہمارے شانہ بشانہ بڑھ چڑھ کر کام کیا ہے۔ مصیبت میں گھِرے اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کے لئے وومن ونگ ٹرسٹ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

انھوں نے کہا کہ غزہ میں وسیع پیمانے پر تباہی کے باعث اب بھی ایک بڑے ریلیف آپریشن کی ضرورت ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ کی صدر نویدہ انیس نے اس حوالے سے بتایا کہ اس سے پہلے بھی وومن ونگ ٹرسٹ نے ایمرجنسی ریلیف، خوراک اور ادویات کے لئے ایک کروڑ روپے فلسطین ریلیف فنڈ میں جمع کروائے ہیں،  جبکہ ایک کروڑ روپے کی دوسری قسط خصوصی طور پر غزہ میں ایمبولینس سروس کے لئے پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد ہزاروں متاثرہ فلسطینی خاندان ہماری امداد کے منتظر ہیں۔ اس مقصد کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ ہمہ وقت تیار ہے اور اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 935936
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش