0
Wednesday 2 Jun 2021 23:25

سندھ کو بنجر کرنےکی کوشش کی گئی تو مرکزی حکومت بھی بنجر ہوجائے گی، قائم علی شاہ

سندھ کو بنجر کرنےکی کوشش کی گئی تو مرکزی حکومت بھی بنجر ہوجائے گی، قائم علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں پانی کا مسئلہ بڑھتا جارہا ہے، پانی نہ ملنے سے کاشتکار سراپا احتجاج ہیں، سندھ کو بنجر کرنے کی کوشش کی گئی تو مرکزی حکومت بھی بنجر ہو جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کو 70 فیصد سے زائد ریوینیو دینے والے سندھ کا وفاق نے پانی بند کردیا، سندھ میں پانی کا مسئلہ بڑھتا جارہا ہے، وفاق کوئی تدارک نہیں کررہا۔ قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کا پانی روک کر زراعت کو تباہ کرنا ملک کو کمزور کرنے کی سازش ہے، نیازی حکومت ارسا جیسے ادارے کو استعمال کرکے حالات خراب کرنا چاہتی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی علاقائی پارٹی نہیں ملک کی سب سےبڑی جماعت ہے، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی قیادت میں پی پی کی جدوجہد جاری ہے، دریائے سندھ پر سب سے زیادہ حق سندھ کا ہے، پنجاب میں زیرزمین پانی میٹھا ہے اور سندھ کا 90 فیصد پانی کڑوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کا انحصار زراعت پر ہے، پانی نہ ملنے سے کاشتکار سراپا احتجاج ہیں، صوبے کو وفاق مختلف شعبوں میں نظر انداز کررہا ہے، پانی سندھ کیلئے زندگی ہے، پانی نہ ملا تو سندھ بنجر بن جائے گا۔ قائم علی شاہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت یہ نہ سمجھے کہ وہ ناجائز فائدہ اٹھائے گی، سندھ کو بنجر کرنےکی کوشش کی گئی تو مرکزی حکومت بھی بنجر ہوجائے گی، وفاق کا سندھ کے ساتھ یہ رویہ رہا تو پھر وفاق بھی نہیں چل سکے گا۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وفاق سندھ کے مؤقف کو سامنے رکھتے ہوئے جلد پانی کا مسئلہ حل کرے، منتخب نمائندوں کیساتھ بیٹھ کر 1991ء والے پانی معاہدے سے آگے بڑھنا چاہیئے، 1991ء آبی معاہدے پر سندھ کے عوام بالکل انکاری ہے، وفاق کو چاہیئے کہ سندھ کا جائز حق سندھ کو دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے رویوں پر سندھ کی عوام سلیکٹڈ سے سخت ناراض ہے، غیر قانونی لنک کینال کیوں، کس کی اجازت سے کھولے جارہے ہیں؟ وفاق کے ڈاکو سندھ کا پانی چوری بھی کرتے اور روتے بھی ہیں، پیپلز پارٹی کا سینئر کارکن ہوں، ہر فیصلے کے ساتھ کھڑا ہوں اور رہوں گا۔
خبر کا کوڈ : 935979
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش