QR CodeQR Code

مسلح یہودی آبادکار فلسطینی عربوں سے مقابلے کیلئے آگے بڑھیں، صیہونی وزیر امن عامہ

2 Jun 2021 23:37

میڈیا کیساتھ گفتگو میں غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے وزیر برائے امن عامہ ایمیر اوحانا نے مقبوضہ فلسطین میں آباد غاصب و مسلح یہودی آبادکاروں کو 1948ء کی مقبوضہ سرزمینوں میں احتجاج کرنیوالے فلسطینی باشندوں پر حملہ آور ہونیکی کھلی دعوت دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ اب ہم عرب باشندوں کے مقابلے میں بے دفاع اور کمزور نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ غزہ پر مسلط کردہ 12 روزہ جنگ میں بھیانک شکست کا منہ دیکھے اسرائیل کو ابھی زیادہ وقت نہیں گزرا کہ وہ مقبوضہ سرزمینوں پر آباد فلسطینی باشندوں کے خلاف وسیع گرفتاری مہم کے ساتھ ساتھ اب غاصب و مسلح یہودی آبادکاروں کو بھی ان کے خلاف اسلحہ اٹھانے کی ترغیب میں لگ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی رژیم کے وزیر برائے امن عامہ ایمیر اوحانا نے چند روز قبل اپنے ایک بیان میں غاصب و مسلح یہودی آبادکاروں کو مقبوضہ فلسطین کے مخلوط شہروں میں عرب احتجاجی مظاہرین سے اپنے جدید اسلحے کے ساتھ مقابلہ کرنے کی تلقین کی تھی جس پر اسرائیلی پارلیمنٹ کینیسیٹ کے عرب رکن عوفر کاسیف نے کینیسیٹ کے نام تحریر کئے گئے اپنے خط میں خبردار کیا تھا کہ ایک رکن پارلیمنٹ نے لد کے صیہونی رہائشیوں کو تلقین کی ہے کہ وہ اپنے جدید اسلحے کے ساتھ عرب احتجاجی مظاہرین پر حملہ آور ہو جائیں!

دوسری جانب اسرائیلی وزیر برائے امن عامہ نے بھی عرب رکن پارلیمنٹ کے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر لد میں احتجاج کرنے والے عربوں پر حملہ آور ہونے کی میری التجاء مکمل طور پر قانونی ہے۔ صیہونی اخبار ہاآرٹز کے مطابق ایمیر اوحانا نے عوفر کاسیف کا جواب دیتے ہوئے لکھا ہے کہ میں اس استدلال سے کہ مذکورہ بیان تناؤ میں اضافے کا موجب ہے، متفق نہیں ہوں کیونکہ اسرائیلی شہریوں سے (فلسطینی باشندوں کے) حملوں کے مقابلے میں ایسے اسلحے کے ساتھ اپنے دفاع کی درخواست جس کا انہیں لائسنس دیا گیا ہے، مکمل طور پر قانونی ہے۔ صیہونی وزیر نے لکھا کہ ایک وقت تھا جب یہودی آبادکار، عرب حملہ آوروں کے مقابلے میں بے دفاع اور کمزور ہوتے تھے لیکن اب، کتنی اچھی بات ہے کہ وہ وقت گزر گیا ہے!


خبر کا کوڈ: 935982

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/935982/مسلح-یہودی-آبادکار-فلسطینی-عربوں-سے-مقابلے-کیلئے-آگے-بڑھیں-صیہونی-وزیر-امن-عامہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org