0
Thursday 3 Jun 2021 05:00

آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے قرضوں سے تنخواہیں ادا کرنا تشویشناک ہے، ثروت اعجاز قادری

آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے قرضوں سے تنخواہیں ادا کرنا تشویشناک ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے قرضوں سے تنخواہیں ادا کرنا تشویشناک ہے، قرضوں سے غریبوں کو ریلیف نہیں بلکہ قرضے کے بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے، عوام دوست بجٹ چاہتے ہیں غریبوں کو ٹیکس چھوٹ دیا جائے، بجلی وگیس کے بلوں میں ٹیکس ختم کرکے غریبوں کو ریلیف دیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آئی ایم ایف استحصالی ادارہ ہے، جو قرضے دے کر غربت کی بجائے غریب کو ختم کرنے کی شرائط کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزمرہ استعمال ہونی والی اشیاء دنیا میں سستی ہوتی ہیں، مگر ہمارے ملک میں مہنگا کرکے غریب کو مشکلات سے دوچار کیا جاتا ہے، حکومت نے مہنگائی و بیروزگاری کے خلاف عملی کام نہیں کیا تو عوام کے غضب کا حکمرانوں کو سامنا کرنا ہوگا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سندھ حکومت کو تاجروں کی شکایت پر فوری ازالہ کرنا چاہیے، کراچی میں بازار رات 8 بجے تک کھولے جائیں، تاجروں کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق دلانے کیلئے تاجروں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے کی کورونا وباء کے خلاف آپس کی چپقلش کا نقصان تاجروں کو ہو رہا ہے، دیہاڑی دار طبقہ پریشان حال بھوک و افلاس کی زندگی گذارنے پر مجبور ہے، روز 6 بجے بازار بند کرنے اور ہفتے میں دو دن بازار بند رکھنے سے غریبوں کو معاشی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے معیشت کو درست سمت پر لیجانے کیلئے مثبت کردار ادا کریں، معاشی استحکام کے بغیر ملک ترقی کی جانب گامزن نہیں ہوتے، آئی ایم ایف سے جان چھڑائے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے حکومت کی مثبت پالیسیوں کا ساتھ دینگے، حکومت عوام کی منشاء و امنگوں کو ملحوظ خاص رکھتے ہوئے معاشی پالیسی بنائے۔
خبر کا کوڈ : 936014
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش