QR CodeQR Code

معیشت کے بعد تعلیم کے خلاف سازش ہو رہی ہے، آفاق احمد

3 Jun 2021 05:19

اساتذہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین نے کہا کہ ہم موجودہ حکمرانوں کے مہاجر دشمن رویوں سے واقف ہیں، حکومت نے مہاجروں کیلئے پہلے ملازمتوں کے دروازے بند کئے، پھر لاک ڈاؤن اور ایس او پیز کے بہانے مہاجروں کی معیشت کو تباہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ معیشت کے بعد تعلیم کے خلاف سازش ہو رہی ہے، طلبا قوم کا مستقبل ہیں، اس سے کھیلنے نہیں دینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر کراچی گورنمنٹ اسکول ایمپلائز ایسوسی اہشن کے صدر نیئر قریشی کی سربراہی میں ملاقات کیلئے آئے اساتذہ کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وفد نے سندھ کے شہری علاقوں خصوصاً کراچی میں تعلیمی اداروں کی حالت زار، اساتذہ کی کمی اور فنڈز کی عدم فراہمی جیسے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ آفاق احمد نے وفد کو یقین دلایا کہ طلباء قوم کا مستقبل ہیں، جس سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے۔

آفاق احمد نے کہا کہ ہم موجودہ حکمرانوں کے مہاجر دشمن رویوں سے واقف ہیں، حکومت نے مہاجروں کیلئے پہلے ملازمتوں کے دروازے بند کئے، پھر لاک ڈاؤن اور ایس او پیز کے بہانے مہاجروں کی معیشت کو تباہ کیا، اب مہاجروں کو تعلیم سے محروم کرنے کیلئے متعصبانہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ اس سلسلے میں حقائق جمع کرنے کے ساتھ ساتھ مشاورت کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے، اور جلد اس سلسلے میں پارٹی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے اساتذہ سے درخواست کی کہ انکا کردار قوم کے معمار تیار کرنے میں اہم ہے، اس لئے وہ بد سے بدتر حالات میں بھی تدریسی عمل میں کوئی رکاوٹ نہ آنے دیں۔


خبر کا کوڈ: 936016

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936016/معیشت-کے-بعد-تعلیم-خلاف-سازش-ہو-رہی-ہے-ا-فاق-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org