0
Friday 4 Jun 2021 18:55

حکومت کے اپنے لوگ مہنگائی میں اضافے کا اعتراف کر رہے ہیں، مولانا عبدالحق ہاشمی

حکومت کے اپنے لوگ مہنگائی میں اضافے کا اعتراف کر رہے ہیں، مولانا عبدالحق ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ بدترین مہنگائی، بدعنوانی اور بھاری سودی قرضوں نے ملک و ملت کو تباہ کر دیا۔ بدقسمتی سے اشرافیہ، بدعنوان اور مسلط شدہ حکمران مالا مال ہو رہے ہیں جبکہ غریب محب وطن عوام بدحال و پریشان رہتے ہیں۔ ہر طرف لوٹ مار اور بدعنوانی کا دور دورہ ہے، حکومت بجٹ سے قبل ہی ٹیکسوں کی بھر مار کر رہی ہے۔ بجلی کا ٹیرف بلند ترین سطح تک پہنچ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو سال میں بجلی کی قیمتوں میں دو سو فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ معیشت تباہ حال اور عوام بے روزگار ہو رہے ہیں۔ بلوچستان کی ترقی پر خرچ ہونے والی رقم آپس کے اختلافات کے باعث واپس وفاق کی طرف جا رہی ہے، جو حکومت اور اپوزیشن کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ روزگار، ترقیاتی کام اور انصاف نہ ہونے کے برابر ہے۔ معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ حکومت کے اپنے لوگ مہنگائی میں اضافے کا اعتراف کر رہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ نہ صوبائی حکومت کے پاس کسی بھی قسم کی کوئی با صلاحیت ٹیم ہے اور نہ ہی وفاق کے پاس، جو لمحہ فکریہ ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے وعدہ خلافی، غلط بیانی کا ورلڈ ریکارڈ بنا لیا۔ وعدہ خلافی، غلط بیانی کو یوٹرن کا نام دے دیا گیا ہے۔ کوئی ایک وعدہ بھی ایسا نہیں، جو حکومت نے پورا کیا ہو۔ تبدیلی نے ملک و قوم کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ حالات دن بدن بد سے بد تر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔ ایک طرف عوام مہنگائی، بے روزگاری اور گڈ گورننس کے فقدان پر فریاد کناں ہیں تو دوسری جانب حکومت کی کارکردگی نے عوام کو مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 936266
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش