0
Saturday 5 Jun 2021 00:48

قم المقدسہ میں "ارمغان سحر سیمینار" کا انعقاد

قم المقدسہ میں "ارمغان سحر سیمینار" کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ ابراہیم زمان، امید مستضعفان، رہبر دوران، خورشید تابان، قہر خدا بر دشمنان حضرت امام خمینی کی 32ویں برسی اور گوہر نایاب بلتستان، شاعر چہار زبان، درویش زمان، مرحوم شیخ غلام حسین سحر کی یاد میں مجمع طلاب شگر اور دیگر تنظیموں کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں حوزہ علمیہ قم کے علماء، طلاب اور مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے پہلے شیخ سحر مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی ہوئی، اس کے بعد تلاوت قرآن پاک کے ساتھ پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن پاک کا فریضہ مولانا بشارت امامی صاحب نے ادا کیا۔ معروف شاعر و ذاکر اہل بیت برادر نادم شگری نے نظامت کی ذمہ داری سنبھالی۔ انہوں نے شرکاء کے لئے خوش آمد گوئی کے ساتھ اس تقریب کے پروگرامز کی شرح بیان کی۔ اس تقریب سے بلتستان کے نامور شعراء حضرات برادر شکور شاکری، احمد حسین ضمائری اور کاچو اطہر نے شیخ سحر مرحوم کی شان میں اپنی ارادت کا اظہار اور خراج عقیدت پیش کیا۔

مولانا نادم شگری نے بھی کلام شاعر بہ زبان شاعر شیخ سحر مرحوم کے بارے میں انتہائی خوب صورت آواز میں اپنا کلام پیش کیا۔ تقریب کے خطیب بلتستان کے نامور عالم دین جناب حجہ الاسلام و المسلمین شیخ فدا علی حلیمی صاحب تھے۔ انہوں نے شیخ سحر مرحوم کی زندگی کے علمی، زہد و تقویٰ اور شعری و ادبی پہلووں پر مکمل اور تفصیلی گفتگو کی۔ ان کی تقریر کا دوسرا حصہ امام خمینی کی سیرت کے بارے میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی دنیا اور اس کی چمک و دمک کو پس پشت ڈال کر اللہ کے راہ میں نکلے، جس کی وجہ سے اللہ نے ان کو بے شمار کامیابیوں سے نوازا اور آپ عالمی استکباری طاقتوں کو شکست دیکر اسلام کو اجتماعی زندگی میں پیادہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ یہ نورانی محفل دعائے خیر اور نذر مولا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 936346
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش