QR CodeQR Code

ملک کا معاشی دیوالیہ نکالنے والوں کا محاسبہ کیا جائے، ثروت اعجاز قادری

5 Jun 2021 03:51

اپنے ایک بیان میں پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ 2021ء میں مہنگائی میں دس فیصد اضافہ نے حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے، بجٹ میں غریبوں کو ریلیف دیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ معاشی دیوالیہ نکالنے والوں کا محاسبہ کیا جائے، مہنگائی پر قابو پانا اور غریب کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی آئینی و جمہوری اور اخلاقی ذمہ داری ہے، 2021ء میں مہنگائی میں دس فیصد اضافہ نے حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے، بجٹ میں غریبوں کو ریلیف دیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مہنگائی کے جن کو قابو کرنے کیلئے تمام اکائیوں سے مشاورت کی جائے، مہنگائی کے جن کو قابو کئے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں مزدور کی تنخواہ مہنگائی کی شرح کے حساب سے بڑھائی جائے، تاجروں کے مسائل سندھ حکومت فوری حل کرے، بازار رات 8 بجے تک کھولنے اور اتوار کی چھٹی رکھی جائے، دو دن کی چھٹی سے تاجروں سمیت حکومت کو بھی معاشی استحکام کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو ایس او پیز پر عمل کرکے ہی روکا جا سکتا ہے، عوام کا ایس او پیز پر عمل کرنے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے مثبت نتائج آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی توانائی غریبوں سے کئے گئے وعدے پورے کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے پر لگائے، مزدور اور غریب کو روزگار فراہم کرکے ہی ترقی کی جانب گامزن ہوا جا سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 936361

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936361/ملک-کا-معاشی-دیوالیہ-نکالنے-والوں-محاسبہ-کیا-جائے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org