QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کا کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاجی مہم کا اعلان

5 Jun 2021 21:47

گورنر ہاؤس کے باہر عوامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ آج بھی تمام سیاسی جماعتیں کے الیکٹرک کے ساتھ مل کر کراچی کے عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں جبکہ عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کی خلاف پیر سے احتجاجی مہم کا اعلان کردیا، 12 جون کو کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا۔ حافظ نعیم نے کہا کہ ایک طرف بحلی کا بحران ہے اور دوسری طرف کراچی کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے گورنر ہاؤس کے باہر عوامی پریس کانفرنس کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور نیپرا عوام کو سہولت دینے کی بجائے کے الیکٹرک کو نواز رہے ہیں، اضافی بجلی کے باوجود سات، سات گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، اس کے باوجود کراچی میں بجلی فی یونٹ 8 روپے مہنگی کی جارہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کا معاہدہ ختم کیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ آج بھی تمام سیاسی جماعتیں کے الیکٹرک کے ساتھ مل کر کراچی کے عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں جبکہ عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سابق ناظم نعمت اللّٰہ خان کے بعد کراچی کو ملنے والے پانی میں ایک بوند کا اضافہ نہیں ہوا۔ حافظ نعیم نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ کے الیکٹرک کے خلاف پانچ سال سے زیر التواء جماعت اسلامی کی درخواست فوری طور پر سنی جائے۔ حافظ نعیم نے تعلیمی ادارے کھولنے اور تاجروں کے مطالبہ کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔


خبر کا کوڈ: 936472

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936472/جماعت-اسلامی-کا-کراچی-میں-بجلی-کی-لوڈشیڈنگ-کیخلاف-احتجاجی-مہم-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org