QR CodeQR Code

را سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں سے رابطہ اور ملاقاتیں، فاروق ستار نے عائد الزامات کی تردید کردی

5 Jun 2021 22:26

سی ٹی ڈی کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ تحقیقات ہورہی ہے، 2 یا 3 ملزمان ہیں مجھے نہیں معلوم، انہوں نے ایم کیو ایم کے ساتھ اپنی وابستگی ظاہر کی، ملزمان نے کسی میٹنگ یا کسی جگہ میرا کوئی حوالہ دیا۔


اسلام ٹائمز۔ سابق ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے را سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں سے رابطے کے الزام میں سی ٹی ڈی میں پیش ہوکر عائد الزامات کی تردید کردی۔ تفصیلات کے مطابق راسے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں سے رابطے کے الزام میں سابق ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سی ٹی ڈی سول لائنز پہنچے۔ سی ٹی ڈی حکام نے فاروق ستار کے تمام ساتھیوں کو باہر روک دیا اور صرف 2 افراد محمد اکبر ایڈووکیٹ اور سید اظہر ہاشمی کو ہمراہ لے جانے کی اجازت دی گئی۔ ڈاکٹر فاروق ستار سی ٹی ڈی کے سامنے پیش آئے، سی ٹی ڈی انسپکٹر ظفر عباس کی سربراہی میں ٹیم نے فاروق ستار سے انکوائری کی، ڈاکٹر فاروق ستار سے 45 منٹ تک تفتیش کی گئی۔ سی ٹی ڈی کے 3 افسران نے فاروق ستار سے 21 سوالات کئے، فاروق ستار کے وکیل اور ساتھی کو سوالات کے دوران الگ کمرے میں بٹھایا گیا، تفتیش کے دوران فاروق ستار نے ملزمان کے بیان میں عائد الزامات، ملاقاتوں اور رابطوں کی تردید کردی۔

فاروق ستار 12 بج کر 15 منٹ پر داخل ہوئے اور 12 بج کر 55 منٹ پر واپس آئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دوبارہ ضرورت پڑنے پر فاروق ستار کو طلب کیا جائے گا۔ سی ٹی ڈی کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ تحقیقات ہورہی ہے، 2 یا 3 ملزمان ہیں مجھے نہیں معلوم، انہوں نے ایم کیو ایم کے ساتھ اپنی وابستگی ظاہر کی، ملزمان نے کسی میٹنگ یا کسی جگہ میرا کوئی حوالہ دیا، میرے سامنے جو حوالے لائے گئے ان کی تردید کی۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کسی بھی موقع پر تعاون چاہیئے تو خدمات حاضر ہیں، 23 اگست کی پریس کانفرس میں اسی پالیسی کو بیان کیا تھا، ہم ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہیں۔


خبر کا کوڈ: 936482

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936482/سے-تعلق-رکھنے-والے-دہشتگردوں-رابطہ-اور-ملاقاتیں-فاروق-ستار-نے-عائد-الزامات-کی-تردید-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org