QR CodeQR Code

جب پڑھے لکھے لوگوں کو روزگار نہیں ملے گا تو لادی اور چھوٹو جیسے گینگ ہی بنیں گے، جمشید دستی 

5 Jun 2021 22:58

مظفرگڑھ سے جاری بیان میں عوامی راج پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ گذشتہ 75سالوں کے دوران جنوبی پنجاب کو سوائے محرومیوں کے کچھ نہیں دیا گیا اور صرف و صرف اپرپنجاب کو ہی نواز ا گیا، یہی وجہ ہے کہ آج ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ 


اسلام ٹائمز۔ عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید احمد دستی نے واضح اور دوٹوک انداز میں اعلان کیا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومت جنوبی پنجاب کے لئے الگ بجٹ مختص کرے اور بائیس کروڑ غریب عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دے، سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بلدیاتی نمائندوں کو بااختیار بنائے، ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے کے دعویداروں نے تین سال گزار دیئے مگر عوام کو آٹے میں نمک کے برابر بھی ریلیف نہیں ملا، اگر وفاقی و صوبائی حکومت نے غریب عوام کو ریلیف نہ دیا اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25فی صد اضافہ نہ ہوا تو عوامی راج پارٹی جگہ جگہ احتجاج پر مجبور ہو جائے گی۔ جمشید احمد دستی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگایا مگر عوام بھوک و افلاس میں مبتلا ہیں اور خودکشیوں، خودسوزیوں پر مجبور ہو رہے ہیں۔ آٹے، گھی، چینی، سبزیوں کی قیمتیں آسمانوں تک پہنچ چکی ہیں، رہی سہی کسر یوٹیلیٹی بلز میں آئے روز اضافے نے پوری کردی ہے، کرونا وبا کی آڑ میں لاک ڈاون کرکے غریبوں کے چولہے ٹھنڈ ے کرکے رکھ دیئے ہیں، معاشی ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے کی بجائے تجارتی و کاروباری مراکز کو بند کردیا گیا، تعلیم و صحت کا بیڑہ غرق کردیا گیا، جب پڑھے لکھے لوگوں کو روزگار نہیں ملے گا تو لادی اور چھوٹو جیسے گینگ ہی بنیں گے اور سردار، جاگیردار، وڈیرے ان کی سرپرستی کرکے اپنا مفاد اٹھائیں گے، اگر شرفا کو صیح معنوں میں انصاف ملے اور تھانوں میں شرفا کی عزت نفس مجروح نہ ہو تو حالات بہتری کی طرف جاسکتے ہیں لیکن افسوس کہ مفاد پرست سیاستدانوں کو تھانہ، کچہری کی سیاست سے فرصت ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 75سالوں کے دوران جنوبی پنجاب کو سوائے محرومیوں کے کچھ نہیں دیا گیا اور صرف و صرف اپرپنجاب کو ہی نوازا گیا، یہی وجہ ہے کہ آج ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، جو روزگار نہ ملنے کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر کے ہاتھوں اپنا مستقبل تباہ کر رہے ہیں، یہاں تک کہ زرعی شعبہ کی طرف توجہ نہ دیئے جانے کی وجہ سے آج کسان بدحالی کا شکار ہے اور اپنی زمینوں کو اونے پونے داموں بیچ کر گزر اوقات پر مجبور ہے، کیونکہ مہنگی کھاد، ڈیزل، بیج اور بجلی کیوجہ سے وہ کاشت کاری نہیں کرسکتا، دوسری جانب بلدیاتی نظام کو سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا گیا ہے حالانکہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ بلدیاتی نظام کو مکمل طور پر بااختیار بنایا جائے لیکن موجودہ حکومت بلدیاتی نظام کی بساط کو لپیٹنے کی فکر میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت نے جنوبی پنجاب کو اس کی آبادی کے مطابق بجٹ مختص نہ کیا تو عوامی راج پارٹی جگہ جگہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائے گی۔
 


خبر کا کوڈ: 936492

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936492/جب-پڑھے-لکھے-لوگوں-کو-روزگار-نہیں-ملے-گا-لادی-اور-چھوٹو-جیسے-گینگ-ہی-بنیں-گے-جمشید-دستی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org