QR CodeQR Code

پی ٹی آئی گزشتہ حکومتوں کا تسلسل ہے، سینیٹر مشتاق خان

5 Jun 2021 23:03

سوات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ اگر بجٹ میں عوام پر بوجھ ڈالا گیا تو عوام کو سڑکوں پر لے آئیں گے، آئی ایم ایف کو خوش کرنے کی بجائے کو عوام کو خوش کیا جائے، میڈیا کو زنجیروں میں جکڑا جارہا ہے، اسلام آباد صحافیوں کیلئے خطرناک شہر بن گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے، حکمرانوں نے معیشت کا بینڈ بجا دیا ہے، حکومت مستقل طور پر مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے، مہنگائی کا سونامی ہے، آئی ایم ایف کو خوش کرنے کیلئے سب کچھ کیا جارہا ہے، معیشت بد سے بد تر ہو رہی ہے، پی ٹی آئی گزشتہ حکومتوں کا تسلسل ہے، وہی پرانی پالیسیاں اپنائی اور چلائی جارہی ہیں۔ لوگوں کو خدشہ ہے کہ بجٹ میں عوام پر مہنگائی کا بم گرایا جائے گا، اگر بجٹ میں عوام پر بوجھ ڈالا گیا تو عوام کو سڑکوں پر لے آئیں گے، آئی ایم ایف کو خوش کرنے کی بجائے کو عوام کو خوش کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی سنگوٹہ سوات میں دینی مدارس کے مہتممین و مہتممات کے اجلاس سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت اللہ، امیر جماعت اسلامی ضلع بونیر حلیم باچا، امیر جماعت اسلامی ضلع شانگلہ سید غفار ایڈووکیٹ، ملاکنڈ کے امیر مولانا جمال الدین اور جماعت اسلامی ضلع سوات کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خالد فاروق سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا کو زنجیروں میں جکڑا جارہا ہے، اسلام آباد صحافیوں کیلئے خطرناک شہر بن گیا ہے، سینئر صحافیوں پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں، اختلافی سوچ پر پابندی لگانا فسطائیت ہے، حکومت صحافیوں پر جبر اور ظلم بند کرے، نیا میڈیا ریگولیشن میڈیا کو سولی پر چڑھانے کے مترادف ہے، جسٹس قاضی عیسیٰ کے فیصلے کے بعد صدر اور وزراء کو مستعفی ہونا چاہئے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف مزید سازشیں کی جارہی ہیں، پینٹاگون کا انکشاف ہے کہ پاکستان افغانستان کی نگرانی کیلئے زمینی اور فضائی راستے دے رہا ہے، اگر حکومت نے ایسا کیا تو ہم حکومت کا گھیراؤ کریں گے، نیب احتساب میں سنجیدہ نہیں، راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل، چینی سکینڈل، مالم جبہ سکینڈل اور بی آر ٹی پر جیسے بڑے بڑے سکینڈلز پر نیب خاموش ہے، کشمیر کو حکمرانوں نے فروخت کیا ہے، کشمیریوں کی قربانیوں کا سودا کیا جارہا ہے، وزیرستان میں بارودی سرنگوں سے معصوم بچے مر رہے ہیں، قبائلی اضلاع کیلئے 96 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا گیا تھا، اب تک صرف 24 ارب روپئے فراہم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت کے خلاف عوامی تحریک کا آغاز کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا کے تمام علاقوں میں جلسے کئے جائیں گے۔ صحافی برادری گولی، گالی اور ڈنڈے کی زد پر ہیں۔ صحافیوں پر تشدد کرنے والے نامعلوم سب کو معلوم ہیں۔ صحافیوں پر تشدد کسی مہذب معاشرے میں نہیں ہو رہی، صحافیوں کو جاب سیکورٹی نہیں، اغواء اور تشدد بدترین ریاستی دہشت گردی ہے، حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کے خلاف رمضان سے قبل تحریک شروع کی تھی جو اب دوبارہ شروع کر رہے ہیں اور پورے صوبے کے اضلاع میں حکومت کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنے کے لئے بڑے جلسوں کا انعقاد کریں گے۔ حکومت اپنا حق حکمرانی کھو چکی ہے، اس لئے اسے عوامی مفاد میں فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہئے۔


خبر کا کوڈ: 936495

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936495/پی-ٹی-آئی-گزشتہ-حکومتوں-کا-تسلسل-ہے-سینیٹر-مشتاق-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org