QR CodeQR Code

پی ٹی آئی حکومت غریب عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہ کر سکی، ثروت اعجاز قادری

6 Jun 2021 05:28

اپنے ایک بیان میں پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ مہنگائی و بے روزگاری میں اضافہ حکومتی منفی پالیسیوں کا شاخسانہ ہے، بیرونی قرضوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی، کرپشن ختم کرنے کے حکمرانوں کے دعوے کھوکھلے نکلے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کو مسائل کی دلدل اور بحرانوں سے نکالنے کیلئے نیک نیتی سے کام کیا جائے، موجودہ حکومت معاشی عدم استحکام مہنگائی و بے روزگاری کے بھنور میں ہے، مہنگائی و بے روزگاری میں اضافہ حکومتی منفی پالیسیوں کا شاخسانہ ہے، بیرونی قرضوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی، کرپشن ختم کرنے کے حکمرانوں کے دعوے کھوکھلے نکلے، غریب کو روزگار ہے نہ ہی حکومت کوئی ریلیف فراہم کر رہی ہے، حکمران عوام کو مہنگائی و بے روزگاری اور بنیادی حقوق فراہم کریں۔ اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کرپشن کی دیمک نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے، کرپشن کے سرطان کو ختم کئے بغیر ملک ترقی کی جانب گامزن نہیں ہو سکتا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ایک اللہ، ایک رسولؐ، ایک قرآن کے ماننے والوں کے اتحاد و یکجہتی کو ختم کرنے کیلئے اسلام دشمن طاقتیں سازش کر رہی ہیں، فرقہ واریت ملک کیلئے زہر قاتل ہے، حکومت فرقہ واریت کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہم نے صرف اور صرف پاکستانی ہوکر جدوجہد کرنی ہوگی، پاکستان ہماری پہچان ہے اور ہم اپنی پہچان پر آنچ آتا نہیں دیکھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سارا کا سارا ہمارا ہے، کوئی خوش فہمی میں نہ رہے، پُرامن طور پر کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہیں دیا تو پھر طاقت کے ذریعے حق دلانا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 936527

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936527/پی-ٹی-ا-ئی-حکومت-غریب-عوام-کو-کوئی-ریلیف-فراہم-نہ-کر-سکی-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org