0
Sunday 6 Jun 2021 17:46

حکمرانوں نے قرضوں اور بدعنوانی میں اضافہ کیا، مولانا عبدالحق ہاشمی

حکمرانوں نے قرضوں اور بدعنوانی میں اضافہ کیا، مولانا عبدالحق ہاشمی
 اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومت کی ترقی و خوشحالی، مہنگائی و بے روزگاری میں کمی کے دعوے اور اعلانات جھوٹ پر مبنی ہیں۔ پہلے حکمران ان کو یوٹرن کا نام دیتے تھے، اب کھلا جھوٹ و غلط بیانی کر رہے ہیں۔ عوام کو ریلیف دینے، مہنگائی اور بے روزگاری میں کمی کے بجائے حکومت اپوزیشن پر وار کرکے قیمتی وقت ضائع کر رہی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں حکومتی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے غلط اقدامات، ملک کو آئی ایم ایف کے ملازمین کے حوالے کرنے، نااہلی اور امریکی غلامی کی وجہ سے ملک اندرونی و بیرونی مشکلات کا شکار ہے۔ ملک میں جمہوریت کا راستہ روک کر عوام کو سیاستدانوں اور جمہوریت سے بدظن کیا جا رہا ہے۔ سابق و موجودہ حکومتوں نے بدعنوانی، قرضوں اور بے روزگاری میں اضافہ کیا۔ جس کے ذمہ دار سابقہ و موجودہ حکومت اور اسٹبلشمنٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں نفاذ اسلام کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اسلام دشمن قوتیں ملک میں فسادات، فرقہ واریت و لسانیت کا پرچار کر رہی ہیں۔ باشعور عوام الناس، علمائے کرام اور باضمیر سیاسی ورکرز کو ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ میں جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دینا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بھاری قرضے تباہی کے راستے ہیں۔ نوجوان اسلامی تعلیمات کو سمجھنے اور عمل کرنے کی کوشش کریں۔ یہ سب قرآن و سنت کی تعلیمات حاصل کرنے سے ممکن ہے۔ تعلیم اور صحت کے شعبہ میں انقلاب کے دعویداروں نے تعلیم و صحت کے بجٹ میں کمی کی اور بدقسمتی سے حکومت کے تعلیمی بجٹ میں مدارس کے لئے ایک روپیہ تک نہیں رکھا جاتا۔ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ دینی مدارس میں دینی علوم کے ساتھ ساتھ جدید علوم اور عصری تعلیمی اداروں میں دینی تعلیم کو بھی لازمی کیا جائے۔ غیر ملکی دباؤ میں آکر ملک کے نظریات کے خلاف فیصلے و پروپیگنڈے نہ کیے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 936585
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش