0
Sunday 6 Jun 2021 18:08

ترک فورسز ہماری سرزمین سے فی الفور نکل جائیں، عراق

ترک فورسز ہماری سرزمین سے فی الفور نکل جائیں، عراق
اسلام ٹائمز۔ ترک دہشتگرد تنظیم "پی کے کے" کی جانب سے عراقی کرد ملیشیا پیشمرگہ کے خلاف جارحیت اور اسی طرح ترک فورسز کی جانب سے عراقی سرزمین پر موجودگی برقرار رکھنے پر عراقی صدارتی دفتر کی جانب سے ایک خصوصی بیان جاری کرتے ہوئے تاکید کی گئی ہے کہ عراقی صدارت کردستان میں وقوع پذیر ہونے والے حادثات کا نزدیک سے جائزہ لے رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ صوبہ دہوک میں پیشمرگہ فورسز پر ہونے والے گذشتہ روز کے حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔ عراقی سرکاری خبرررساں ایجنسی واع کے مطابق عراقی صدارتی دفتر نے وقوع پذیر ہونے والے حادثات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کردستان سمیت عراقی سرزمین پر "پی کے کے" عناصر کی موجودگی غیر قانونی ہے جبکہ عراقی استحکام اور اس کے شہریوں کی حفاظت کو لاحق اس خطرے کے خلاف فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائے جانا چاہئیں۔ عراقی صدارتی دفتر کا کہنا تھا کہ عراقی آئین اس بات کی اجازت ہرگز نہیں دیتا کہ عراقی سرزمین کو اس کے ہمسائیوں کے خلاف استعمال کیا جائے۔

عراقی صدارتی دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں عراقی خودمختاری کی حفاظت اور کردستان و موصل میں موجود ترک افواج کے فی الفور انخلاء پر تاکید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عراقی سرزمین پر ترک افواج کی موجودگی اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ادب و آداب و مفاہمتوں کے بھی خلاف ہے۔ اس بیان میں عراقی صدارتی دفتر نے ترک فورسز کی جانب سے "مخمور کیمپ" کے خلاف ہونے والی کارروائی کو ایک "خطرناک" اور "اشتعال انگیز" اقدام قرار دیتے ہوئے ہمسایہ ملک ترکی کے ساتھ مشترکہ مفاد کے اصول پر دوستی پر زور دیا اور یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے آپسی مسائل کے حل میں عراقی خودمختاری کے احترام پر تاکید کی۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز عراقی صوبہ دہوک میں کردستان کے علاقے "جبل متین" کے اندر موجود پی کے کے عناصر نے پیشمرگہ فورسز پر حملہ کر دیا تھا جس کے باعث 5 پیشمرگہ فوجی جانبحق ہو گئے تھے جبکہ دوسری جانب ترک لڑاکا طیاروں نے عراق کے شمال میں واقع مخمور مہاجر کیمپ کو نشانہ بنا کر 3 عام شہریوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 936589
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش