0
Sunday 6 Jun 2021 20:40

امام خمینی (رہ) کی 32ویں برسی کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کا ویبنار

امام خمینی (رہ) کی 32ویں برسی کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کا  ویبنار
اسلام ٹائمز۔ بانی انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینی (رہ) کی 32ویں برسی کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ایک ویبنار کا انعقاد کیا گیا، جس میں کئی علمائے دین، صحافیوں اور اسکالروں نے شرکت کی۔ ویبنار میں جن معززین نے امام خمینی (رہ) اور مسئلہ فلسطین کے عنوان سے اظہار خیال کیا، ان میں آیت اللہ مہدی ہادوی تہرانی قم ایران، علامہ محمد امین شہیدی، سینیٹر سید مشاہد حسین، الشیخ مصطفٰی غلام عباس کویت، ڈاکٹر سید محمد مرنڈی، ڈاکٹر ویل اود (سینئر جرنلسٹ شام )، انجینئر محمد سلیم نائب صدر جماعت اسلامی ہند، یوسف جمیل سینئر جرنلسٹ سرینگر، شیخ ناظر المہدی محمدی صدر جمعیۃ العلماء کرگل، محمد شعیب شاہ، سجاد حسین کرگلی، سید ایثار مہدی اسکالر ساؤتھ ایشین یونیورسٹی نئی دہلی، آغا سید منتظر مہدی سیاسی اور سلامتی تجزیہ کار، پریم آنند مشرا پی ایچ ڈی سکالر اسکول آف انٹرنیشنل اسٹڈیز جے این یو شامل ہیں۔

مقررین نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی اور ایران میں اسلامی نظام کے نفاذ کے بعد امام خمینی (رہ) نے اپنی تمام تر توجہ فلسطین کی تحریک آزادی کی طرف مبذول کی ہوئی تھی۔ امام خمینی ہمیشہ اپنی تقریروں اور تحریروں میں فلسطین کی آزادی اور قبلہ اول کی بازیابی کی اہمیت اور ضرورت اجاگر فرماتے تھے۔ امام خمینی نے مسئلہ فلسطین کو اسلام اور عالم اسلام کا درد قرار دیکر امت مسلمہ کو اس حوالے سے دینی اور ملی ذمہ داریوں کا احساس دلانے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ امام خمینی کی ہی دین ہے کہ پورے عالم اسلام میں جمعۃ الوداع کو پورے جوش و جذبہ کے ساتھ یوم القدس کے طور پر منایا جاتا ہے۔

مقررین نے کہا کہ امام خمینی (رہ) نے فلسطینی مظلوم قوم کی حمایت اور عملی نصرت کو ایران کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران مغربی استکبار کی تباہ کن مہم جوئی اور قلبی دشمنی کے باوجود امام خمینی کی اس فلسطین پالیسی پر قائم و دائم ہے جب کہ دوسری طرف مسلمان ممالک یکی بعد دیگری اسرائیل کو تسلیم کرتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم اور قیادت ثابت قدمی کے ساتھ ہر سطح پر استکبار سے برائت کی پالیسی پر گامزن ہے، جس کا سرچشمہ امام خمینی کی انقلاب آفرین شخصیت ہے۔
خبر کا کوڈ : 936601
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش