QR CodeQR Code

اردو زبان کا اعلامیہ بیوروکریسی کی ہٹ دھرمی کی نذر ہونے کا خدشہ ہے، محمد جاوید قصوری

6 Jun 2021 21:37

لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب کا کہنا تھا کہ سرکاری تقریبات میں اردو زبان بولنے کا حکومتی اعلامیہ خوش آئند ہے، لیکن خدشہ ہے کہ حکومت کیجانب سے جاری اعلامیہ بھی بیوروکریسی کی ہٹ دھرمی کی نذر ہو جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب (وسطی) محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ سرکاری تقریبات میں اردو زبان بولنے کے حوالے سے حکومتی اعلامیہ کا خیر مقدم کرتے ہیں، اس قسم کے اقدامات ماضی کی حکومتوں کے ادوار میں بھی کیے جاتے رہے ہیں، مگر بدقسمتی سے ان پر عمل در آمد نہیں ہوتا رہا۔ اردو زبان کی ترویج کے لیے حکومتی سطح پر مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آزاد ہوئے 74 برس ہوچکے ہیں، لیکن آج بھی ہماری دفتری زبان انگریزی ہی ہے۔ قومی زبان کی ترویج کے بغیر کوئی ملک و قوم ترقی نہیں کرسکتے۔ ایسی درجنوں مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں وہی قومیں زندہ رہتی ہیں، جو اپنی تہذیب، ثقافت اور قومی زبان کو اہمیت دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اردو زبان کو سرکاری زبان کے طور پر نافذ کرنے کے حوالے سے عدالت نے حکم نامہ بھی جاری کر رکھا ہے، مگر اس پر آج تک عمل درآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے کہ حکومت کے جانب سے جاری اعلامیہ بھی بیوروکریسی کی ہٹ دھرمی کی نذر ہو جائے گا۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جانا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 936612

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936612/اردو-زبان-کا-اعلامیہ-بیوروکریسی-کی-ہٹ-دھرمی-نذر-ہونے-خدشہ-ہے-محمد-جاوید-قصوری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org