QR CodeQR Code

حکومت آئندہ بجٹ ٹیکس فری اور عوام کو ریلیف دیکر وعدے پورے کرے، محمد حسین محـنتی

7 Jun 2021 06:19

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ڈھائی سالہ کارکردگی مایوس کن رہی، مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی، بجلی بحران نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آئندہ بجٹ ٹیکس فری اور عوام کو ریلیف دیکر قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے، پی ٹی آئی حکومت کی ڈھائی سالہ کارکردگی مایوس کن رہی، مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی، بجلی بحران نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے، سندھ میں پانی بحران اور غیر منصفانہ تقسیم سے کاشتکاروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، ارسا میں سندھ کو نمائندگی سے محروم رکھنا باعث تشویش ہے، بحریہ ٹاؤن کی طرف سے سندھ حکومت کی ملی بھگت سے قدیم گوٹھ مسمار اور مقامی آبادی کو بے دخل کرکے قبضہ کی کوششوں قابل مذمت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں ضلعی امراء کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، جس میں کراچی تا کشمور صوبہ بھر سے ضلعی امراء و قیمین شریک تھے، اجلاس میں قیم صوبہ کاشف سعید شیخ، نائب امراء ممتاز حسین سہتو، عبدالغفار عمر، حافظ نصراللہ عزیز، نائب قیمین و شعبہ جات کے ناظمین نے بھی شرکت کی۔ تمام امرائے اضلاع نے ملٹی میڈیا کے ذریعے سہ ماہی کارکردگی رپورٹ، بلدیاتی انتخابات کی تیاری، فلسطین و انفاق فی سبیل اللہ فنڈ کی رپورٹ بھی پیش کی۔

صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹیل کے آبادگاروں تک پانی پہنچانے کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے، جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد سمیت صوبہ کے بڑے شہروں میں اسٹریٹ کرائم اور بالائی سندھ میں قبائلی جھگڑوں اور لوٹ مار کی وارداتوں سے عملی طور پر سندھ میں ڈاکو راج قائم ہے، حکومتِ سندھ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت اپنے دعوؤں کے برعکس ڈلیور نہیں کر سکی ہیں، عوام کے مسائل حل ہونے کی بجائے اس میں مزید اضافہ ہوا ہے، ایک طرف لوگ دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان اور مہنگائی نے زندگی اجیرن بنا دی ہے، تو دوسری طرف حکمران ٹولہ معیشت کی بہتر کارکردگی کا راگ الاپ رہا ہے، جو کہ حقائق کی سراسر نفی ہے۔ قبل ازیں اجلاس میں انجنیئر عبدالمالک میمن و دیگر مرحومین کیلئے امیر صوبہ محمد حسین محنتی ینے دعائے مغفرت کروائی۔


خبر کا کوڈ: 936677

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936677/حکومت-آئندہ-بجٹ-ٹیکس-فری-اور-عوام-کو-ریلیف-دیکر-وعدے-پورے-کرے-محمد-حسین-مح-نتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org