QR CodeQR Code

ایم ڈبلیو ایم کا پنجاب میں ’’عزاداری کانفرنسز‘‘ کروانے کا اعلان

7 Jun 2021 09:21

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ عزداری ہماری روح ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، کچھ عرصہ سے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ سرکاری انتظامیہ بانیان مجالس اور شیعہ نمائندہ جماعتوں کے درمیان تفرقہ پیدا کر رہی ہے، جس کے تدارک کیلئے عزاداری کانفرنسز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین نے پنجاب میں ’’عزاداری کانفرنسز‘‘ کروانے کا اعلان کر دیا۔ اس بات کا فیصلہ ایم ڈبلیو ایم کی صوبائی کابینہ کے اجلاس میں لاہور میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کی جبکہ اجلاس میں کابینہ کے دیگر ارکان بھی شریک تھے۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا صوبے کے ہر ضلع میں عزاداری کانفرنس کروائی جائے گی جس کا اہتمام ضلعی کابینہ کرے گی۔ عزاداری کانفرنسز میں مجالس عزاء کے بانیان اور ماتمی سنگتوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔
 
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسیران اور فورتھ شیڈول میں شامل کارکنان کو بھی تنہا نہیں چھوڑا جائے، ان کے معاملات کی نگرانی کیلئے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ اسیران اور فورتھ شیڈول میں شامل ارکان کی معاملات دیکھنے والی کمیٹی کے انچارج نجیب الحسن نقوی ہوں گے جبکہ سجاد نقوی ان کے معاون خصوصی کے طور پر کام کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ عزداری ہماری روح ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
 
انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ سے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ سرکاری انتظامیہ بانیان مجالس اور شیعہ نمائندہ جماعتوں کے درمیان تفرقہ پیدا کر رہی ہے، جس کے تدارک کیلئے عزاداری کانفرنسز کا اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ بانیان اور نمائندہ جماعتوں کے درمیان پایا جانیوالا خلا ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے بلاوجہ ہمارے رہنماوں اور کارکنوں کےنام فورتھ شیڈول میں ڈالے جا رہے ہیں جو قابل تشویش ہے، اس حوالے سے قانونی چارہ جوئی کی جائے گی اور صوبے بھر میں کسی کارکن کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، کارکن ہمارا سرمایہ ہیں، ہم اپنے ہر کارکن کیساتھ ہیں۔ انتظامیہ ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھے۔


خبر کا کوڈ: 936690

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936690/ایم-ڈبلیو-کا-پنجاب-میں-عزاداری-کانفرنسز-کروانے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org