0
Monday 7 Jun 2021 20:42

پاکستان عوامی تحریک نے ٹرین حادثے کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کر دیا

کرپشن نے ریلوے سمیت ہر ادارہ تباہ کر دیا ہے، قاضی زاہد حسین
پاکستان عوامی تحریک نے ٹرین حادثے کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے گھوٹکی میں ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں درجنوں مسافروں کی اموات پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عوامی تحریک کے مرکزی صدر نے کہا کہ ماضی کی طرح اب بھی ریلوے کا نظام کرپشن اور نا اہلی کی زد میں ہے۔ ریلوے کا محکمہ جو وقت اور وسائل کی بچت کیساتھ ساتھ تحفظ کی علامت ہوا کرتا تھا وہ آج خوف کی علامت بن چکا ہے۔ ریلوے حادثات کی روک تھام کیلئے بیانات تو بہت دئیے جاتے ہیں مگر سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے جاتے۔ ریلوے کا نظام کرپشن زدہ اور فرسودہ ہے۔ افسروں، سیاستدانوں اور ٹرانسپورٹروں کے مافیا نے مل کر پاکستان کے اس باوقار ادارے کو تباہ و برباد کیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ فقط مذمت اور انکوائریوں سے کام چلایا جا رہا ہے جو ملک و قوم کیساتھ ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے حادثات کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے اور لوکو ڈرائیورز اور عملہ کی جدید خطوط پر ٹریننگ کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن نے ریلوے سمیت ہر ادارہ تباہ کر دیا۔ دریں اثناء  پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور اور کور کمیٹی کے ممبران نور احمد سہو، قاضی شفیق، بشارت جسپال، ابرار رضا ایڈووکیٹ، راؤ کامران نے ریلوے حادثے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔ کور کمیٹی کے ممبران نے حادثے کی جوڈیشل انکوائری کروانے اور ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کور کمیٹی کے ممبران نے حکومت سے جاں بحق مسافروں اور زخمیوں کو مالی مدد دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 936780
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش