0
Monday 7 Jun 2021 20:53

متحدہ طلبہ محاذ نے تعلیمی بجٹ کیلئے سفارشات پیش کر دیں

متحدہ طلبہ محاذ نے تعلیمی بجٹ کیلئے سفارشات پیش کر دیں
اسلام ٹائمز۔ متحدہ طلبہ محاذ کے مرکزی سیکریڑی جنرل ملک موسی کھوکھر کی قیادت میں وفد نے پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی سے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی، وفد میں ڈپٹی سیکریڑی جنرل حافظ عامر شہزاد، مرکزی ترجمان محمد اکرم رضوی، سبط حسن اور دیگر شامل تھے۔ طلباء رہنماؤں نے تعلیمی بجٹ کے حوالے سے متحدہ طلبہ محاذ کی طرف سے تیارکردہ سفارشات بھی پیش کیں اور تعلیمی اداروں میں طلباء کیساتھ ہونیوالی زیادتیوں، طلباء یونین کی بحالی، کورونا وباء کے باوجود جامعات کی فیسوں میں اضافے، طبقاتی نظام تعلیم، طلباء یونین کی بحالی کیلئے موثر قانون سازی سمیت طلباء برادری کو درپیش دیگر اہم مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے تفصیلی مشاورت بھی کی۔

طلبہ رہنماوں کی جانب سے پیش کردہ سفارشات میں کہا گیا کہ حکومت مجموعی بجٹ کا تعلیم کیلئے پانچ فیصد جبکہ اعلی تعلیم کیلئے پچیس فیصد تک بجٹ رکھے جبکہ مجموعی بجٹ میں اعلی تعلیم کیلئے 150 بلین مختص کئے جائیں، ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے فنڈز میں کٹوتی نہ کی جائے، گزشتہ پانچ برس سے اعلی تعلیم کا بجٹ 65 ارب سے نہیں بڑھ رہا، جسے فی الفور بڑھایا جائے، یونیورسٹی سنڈیکیٹ میں طلباء نمائندوں کو شامل کیا جائے، تعلیمی بجٹ کی تیاری میں ماہرین تعلیم، اساتذہ اور طلباء نمائندوں سے بھی مشاورت کی جائے۔

طلبہ قائدین کا کہنا تھا کہ کرونا وباء کے خاتمے تک طلباء کو فیسوں میں خصوصی رعایت دی جائے، احساس پروگرام کی طرز پر مستحق طلباء کیلئے پروگرامز شروع کئے جائیں، کرونا وباء تک بینکوں میں طلباء کو فیس جمع کرانے کیلئے قرض حسنہ سکیم کا اعلان کیا جائے، جامعات کو پابند کیا جائے کہ کرونا وائرس کی صورتحال میں فیسوں میں اضافہ نہیں کرینگی، صوبہ جات کی سطح پر سٹوڈنٹس کونسلنگ سینٹرز قائم کئے جائیں، نئی جامعات کی بجائے موجود جامعات کا معیار تعلیم بہتر کیا جائے، سی ایس ایس اور پی ایم ایس سمیت تمام امتحانات اردو میں لئے جائیں، وزیر مملکت برائے تعلیم کا تقرر کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ، بلوچستان، کے پی کے، جنوبی پنجاب سمیت پسماندہ علاقوں کی جامعات کو بجٹ میں خصوصی اہمیت دی جائے، تحقیق اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی نہ کی جائے، اساتذہ کی تنخواہوں میں برابر اضافہ کیا جائے، کرونا وائرس کی صورتحال تک طلباء کو جامعات میں 50 فیصد فیس معافی کیساتھ خصوصی پیکج دیا جائے، نئی جامعات کی بجائے فی الوقت موجود جامعات میں تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جائے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا طلبہ مسائل کے حل کیلئے اسمبلی کے فلور پر آواز اٹھائی جائے گی۔ تعلیمی مسائل اور اتحاد و یگانگت کیلئے متحدہ طلبہ محاذ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ تعلیمی بجٹ پر کٹ تعلیم دشمنی کے مترادف ہے۔ تعلیم حکمرانواں کی ترجحات میں سرے سے شامل ہی نہیں۔
خبر کا کوڈ : 936783
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش