QR CodeQR Code

سودی نظام نے پاکستان کو شدید نقصان پہنچایا، شجاع الدین شیخ

7 Jun 2021 21:29

لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں تنظیم اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ سود کو نقصانات کی وجہ سے نہیں بلکہ اصلاً اللہ اور رسول کی ناراضگی سے بچنے کیلئے ترک کرنا چاہیئے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہماری زندگی کا اصل نصب العین اللہ کی رضا اور اُخروی نجات ہونا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نجی اور اجتماعی دونوں سطح پر سود کو حرام قرار دیا ہے۔ وفاقی حکومت نے دارالحکومت اسلام آباد میں نجی سطح پر سود کے خلاف قانون سازی کی ہے۔ سود کی ممانعت کے حوالے سے یہ ایک مناسب لیکن ادھورا اور نامکمل قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اِس بل میں صرف نجی سود کو قرآن اور سنت اور آئین پاکستان کا حوالہ دے کر غیر آئینی اور غیر شرعی قرار دیا گیا ہے، حالانکہ آئین پاکستان اور شریعت کے مطابق سود نجی اور اجتماعی ہر سطح پر حرامِ مطلق ہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ سود واحد گناہ ہے، جس کے ارتکاب کو اللہ نے اپنے اور اپنے رسول کے خلاف جنگ قرار دیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہماری پون صدی کی تاریخ شاہد ہے کہ سودی نظام نے پاکستان کو دُنیوی طور پر بھی شدید نقصان پہنچایا ہے، یہاں تک کہ ہماری ملکی خود مختاری بھی بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔ حکمرانوں کو معلوم ہونا چاہیئے کہ نجی اور انفرادی سود کے نقصانات محدود ہوتے ہیں جبکہ ملکی اور بین الاقوامی اداروں کے قرضوں پر سود کے نقصانات بڑے وسیع اور گہرے ہوتے ہیں، بہرحال ان نقصانات کے باوجود ہمارا ایمان ہے کہ سود کو نقصانات کی وجہ سے نہیں بلکہ اصلاً اللہ اور رسول کی ناراضگی سے بچنے کے لیے ترک کرنا چاہیئے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہماری زندگی کا اصل نصب العین اللہ کی رضا اور اُخروی نجات ہونا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 936792

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936792/سودی-نظام-نے-پاکستان-کو-شدید-نقصان-پہنچایا-شجاع-الدین-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org