QR CodeQR Code

امریکہ کو اڈے دینے کی بھرپور مزاحمت کرینگے، حکومت معاہدے پبلک کرے، مشتاق خان

7 Jun 2021 23:00

لوئر دیر میں پریس کانفرنس کے دوران جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی داخلہ، خارجہ، معاشی، دفاعی اور سیاسی پالیسیاں ناکامی کا اعتراف کررہی ہیں، حکومت بجٹ کی صورت میں مہنگائی کا بم عوام پر گرانے جا رہی ہے، حکومت نے اسلام آباد کو صحافیوں کے لئے گونتانا موبے بنادیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت کی داخلہ، خارجہ، معاشی، دفاعی اور سیاسی پالیسیاں ناکامی کا اعتراف کر رہی ہیں، حکومت بجٹ کی صورت میں مہنگائی کا بم عوام پر گرانے جا رہی ہے، حکومت نے اسلام آباد کو صحافیوں کے لئے گونتانا موبے بنادیا ہے، احتسابی ادارے حکومتی چور زندہ باد اور اپوزیشن کا چور مردہ باد کے اصول پر عمل پیرا ہیں، امریکہ کو اڈے دینے کی بھرپور مزاحمت کرینگے، حکومت امریکہ سے ہوئے معاہدے پبلک کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لوئر دیر کے ضلعی سیکرٹریٹ احیاء العلوم بلامبٹ میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا حنیف اللہ، دیر لوئر کے ضلعی امیر اعزاز الملک افکاری، دیر بالا کے امیر حنیف اللہ ایڈووکیٹ، ضلع باجوڑ کے امیر سردار خان، جماعت اسلامی لوئر دیر کے ضلعی جنرل سیکرٹری ارشد زمان اور ضلعی سیکرٹری اطلاعات ریاض محمد ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہورہی ہے اور حکومتی ناکامی کا اعتراف خود وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار سے ظاہر ہورہا ہے، گذشتہ سال جون سے موجودہ جون تک ملکی تاریخ کا بدترین سال رہا۔ آئی ایم ایف مارکہ پالیسیوں کی وجہ سے 18 فیصد بلند ترین مہنگائی کے نتیجے میں 9 کروڑ افراد خط غربت کے نیچے سسک رہے ہیں، ملکی قرضے بڑھ رہے ہیں اور گردشی قرضے بے قابو ہورہے ہیں جبکہ عوام بجٹ کی صورت میں مہنگائی کے بم سے خوف زدہ ہیں، جماعت اسلامی غیر ملکی اشاروں پر تیار کردہ عوام دشمن بجٹ کو برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے عملاً امریکہ کو اڈے دیئے اور اس کے ساتھ معاہدے کیے، موجودہ حکومت امریکہ کو اڈے دینے کی بظاہر مخالفت کررہی ہے لیکن ان کا ٹریک ریکارڈ ظاہر کررہا ہے کہ یہ ان کو اڈے دینے کی حامی بھر چکے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امریکہ کے ساتھ ہوئے معاہدے پارلیمنٹ میں پیش کرکے عوام کے لئے پبلک کرے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی امریکہ کو اڈے دینے کی بھرپور مزاحمت کرے گی اور احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے نام پر پابند کرنے کی بھرپور مخالفت اور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد کو صحافیوں کے لئے گونتانا موبے بنا دیا ہے صحافیوں اور میڈیائی اداروں پر پابندیاں کھلی فسطائیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے اداروں کی تحریک کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے احتساب کے نام پر ڈھونگ رچایا ہے احتسابی ادارے حکومت کے چور زندہ باد اور اپوزیشن کے چور مردہ باد کے اصولوں پر عمل پیرا ہیں، جماعت اسلامی اور عوام بے لاگ احتساب چاہتی ہے جبکہ حکومت نیب کے ادارے کو پولیٹیکل انجینئرنگ کیلئے استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی جانی خیل کے دھرنے کی حمایت کررہی ہے حکومت ان سے کیے گئے معاہدوں پر عمل کرے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ مردم شماری میں فاٹا کی آبادی کم ظاہر کی گئی لیکن صوبائی حکومت نے اس پر اختلافی نوٹ نہیں لکھا جبکہ سندھ حکومت نے مردم شماری کے اعدادوشمار سے اختلاف کیا۔


خبر کا کوڈ: 936804

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936804/امریکہ-کو-اڈے-دینے-کی-بھرپور-مزاحمت-کرینگے-حکومت-معاہدے-پبلک-کرے-مشتاق-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org