0
Monday 7 Jun 2021 23:55

خیبر پختونخوا میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی

خیبر پختونخوا میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں مثبت کیسز کی شرح 3.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے کے 30 اضلاع ایسے ہیں جہاں پر کرونا وائرس کیسز کی شرح 1 سے 4 فی صد کے درمیان ہے، جب کہ اس وقت دیر اپر 8 فی صد کے ساتھ پہلے، پشاور شہر 7 فی صد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جہاں مثبت کیسز زیادہ رپورٹ ہو رہے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق کے پی میں کرونا وائرس ایکٹیو کیسز میں بھی مسلسل کمی آ رہی ہے، اس وقت صوبے میں فعال کیسز کی تعداد 4 ہزار 365 ہے، اسپتالوں پر بھی مریضوں کا بوجھ کم ہو گیا ہے، صوبے کے مختلف اسپتالوں میں کرونا وائرس سے متاثرہ 825 مریض داخل ہیں، جن میں 32 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 14 افراد جاں بحق ہوئے، اور 237 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جب کہ وائرس سے متاثرہ 176 مریض صحت یاب ہوئے۔ اب تک صوبے میں کرونا وائرس سے 1 لاکھ 34 ہزار 558 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 158 ہیں، پشاور ڈویژن میں اب تک 2 ہزار 218 اموات ہوئے ہیں، ملاکنڈ ڈویژن دوسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 610 افراد، جب کہ مردان ڈویژن تیسرے نمبر پر ہے، جہاں 561 افراد کرونا وائرس کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، ہزارہ ڈویژن 375، کوہاٹ ڈویژن 200، بنوں 97 اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں 96 افراد اس وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کرونا وائرس کیسز میں کمی آنے کے بعد کاروبار کے ساتھ تعلیمی سرگرمیاں بھی بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں اور صوبے میں یونی ورسٹیز، کالجز کھل گئے ہیں، جب کہ پرائمری اسکول بھی آج سے کھل گئے ہیں۔ حکومت نے اساتذہ اور تعلیمی اداروں میں خدمات انجام دینے والے اسٹاف کے لیے ویکسین لازمی قرار دیا ہے۔ صوبے میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن کا عمل بھی جاری ہے، عام شہریوں کے لیے اسپتالوں کے علاوہ ویکسینیشن سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں 18 سال کی عمر سے زائد شہری اپنی باری پر جا کر ویکسین لگا سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 936817
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش