0
Tuesday 8 Jun 2021 08:50

افغانستان میں ایک دن میں 150 اہلکار ہلاک و زخمی

افغانستان میں ایک دن میں 150 اہلکار ہلاک و زخمی
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران طالبان کے بڑھتے ہوئے حملوں کے نتیجے میں 150 سپاہی ہلاک و زخمی ہو گئے۔ خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق افغان حکومت کے سینئر عہدیداروں کے مطابق ملک کے 34 میں سے 26 صوبوں میں اس وقت کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہلاکتوں میں پریشان کن اضافہ ہو چکا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے 11 ستمبر تک مکمل فوجی انخلا کے اعلان کے ساتھ ہی علاقوں کے حصول کے لیے لڑائی میں اضافہ ہوا ہے۔ مقامی عہدیدار کا کہنا تھا کہ طالبان نے مغربی صوبے غور کے ضلع شہراک کا قبضہ حاصل کر لیا ہے اور شدید لڑائی کے بعد فوج کو قریبی گاؤں میں دھکیل دیا ہے۔ حکام کے مطابق بلخ کے ضلع خاص بلخ کے مرکزی علاقے میں زور دار کار بم دھماکا ہوا، جس کے نتیجےمیں کم از کم 4 افراد ہلاک اور 50 سے زائد شہری زخمی ہو گئے۔ افغان وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ حکومتی فورسز نے صوبہ وردک کا اسٹریٹجک علاقہ ضلع نیرک کا قبضہ واپس لینے کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے اور یہ علاقہ دارالحکومت کابل سے ایک گھنٹے سے کم فاصلے پر موجود ہے۔ پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ طالبان جنگجووں نے اسی روز شمالی صوبہ فریاب میں ضلع قیصر میں حملہ کیا اور افغان سکیورٹی فورسز کے درجنوں اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔ سینئر عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز کی 157 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ خیال رہے کہ امریکا گزشتہ برس طالبان کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت افغانستان سے تمام بیرونی فوجیں واپس بلالے گا اور نئے امریکی صدر نے 11 ستمبر تک فوجی انخلا کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب افغان حکومت اور طالبان کے درمیان سیاسی مذاکرات بھی طویل عرصے سے تعطل کا شکار ہیں اور دونوں فریقین کے درمیان کشیدگی میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں کو نشانہ بنانے کے حوالے سے بھی دونوں فریقین ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 936878
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش