0
Tuesday 8 Jun 2021 09:09

حکومت مدارس کو نئے بورڈز ریوڑیوں کی طرح بانٹ رہی ہے جو مدارس کو تقسیم کرنے کی ناکام سازش ہے، حافظ عبدالکریم 

حکومت مدارس کو نئے بورڈز ریوڑیوں کی طرح بانٹ رہی ہے جو مدارس کو تقسیم کرنے کی ناکام سازش ہے، حافظ عبدالکریم 
اسلام ٹائمز۔ مرکزی ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم نے کہا ہے کہ مدارس کے خلاف پہلے کبھی کوئی سازش کامیاب ہوئی نہ اب ہوگی، موجودہ حکومت نے عوام کو مہنگائی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ موجودہ حکومت صرف فیس بک پر اچھی چل رہی ہے۔ عمران خان نے جہانگیر ترین کو اے پلس این آر او دیا ہے ہم ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ اور نفاذ اسلام کے لئے کوشاں رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز الحرمین فرخ ٹاون میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ملتان کی ضلعی، تحصیلی، سٹی عہدیداران اراکین شوریٰ اور ذیلی تنظیمات کے مشترکہ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے مطابق اگر ملکی معیشت ترقی کرچکی تو اس کے فوائد اور ثمرات عوام تک کیوں نہیں پہنچ پائے یہ سب زبانی کلامی اور سوشل میڈیا پر ترقی ہوئی ہے حقیقت میں ایسا کچھ نہیں۔ حکومت مدارس کو نئے بورڈز ریوڑیوں کی طرح بانٹ رہی ہے جو کہ مدارس کو تقسیم کرنے کی ایک ناکام سازش ہے، ایسے تجربات ماضی میں بھی ہوچکے مگر ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث نفاذ اسلام کیلئے پرامن جدوجہد سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی قیادت میں جاری رکھے ہوئے ہے اور ہم جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔ 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر پنجاب علامہ عبد الرشید حجازی اور ناظم پنجاب حافظ محمد یونس آزاد نے کہاکہ ملک کو لبرل بنانے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، ملک کے مسائل کا سبب بھی یہی ہے کہ قیام پاکستان کا مقصد پورا نہیں ہوا، ہم جتنی آئینی ترمیم کر لیں جو مرضی آئین بنالیں مسائل حل نہیں ہونگے، مسائل کا حل صرف نفاذ اسلام میں مضمر ہے۔ امیر جمعیت ضلع ملتان علامہ عبدالرحیم گجر اور ضلعی ناظم جمعیت علامہ عنایت اللہ رحمانی نے کہا کہ حکومت کا زور صرف تقریروں اور جوڑ توڑ یا اپنے ممبران کے کیسز معاف کرانے اور انتقام کی سیاست میں مصروف ہے، یا مدارس پر پابندیوں میں سرگرم ہے، ایسی ناکام حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، اس دور حکومت میں قادیانیت کی ریشہ دوانیاں بڑھی ہیں اور لادینیت کو فروغ ملا ہے۔ مدارس پر اعلانیہ و غیراعلانیہ جبر اور سازشوں کا تسلط ناکام ہوگا، مدارس قیامت تک قائم رہینگے۔
خبر کا کوڈ : 936884
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش