QR CodeQR Code

 جن لوگوں نے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں میری مخالفت کی انہوں نے سرائیکی وسیب کے ساتھ دشمنی کی، یوسف رضا گیلانی 

8 Jun 2021 09:36

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سے جب وزیرخارجہ کے پی ڈی ایم کو ملتان کے چراغ سے آگ لگنے سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے تبصرہ سے انکار کیا اور کہا کہ میں ان کے لئے صبر کی دعا کرتا ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم و قائد حزب اختلاف سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہباز شریف کے عشائیہ میں فیصلہ ہوا تھا کہ اپوازیشن کی تمام جماعتیں عوام دشمن بجٹ کی مخالفت کریں گی۔ جن لوگوں نے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں میری مخالفت کی انہوں نے سرائیکی وسیب کے ساتھ دشمنی کی آج وہی تنقید کر رہے ہیں۔ تاہم یہ معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے اور مجھے عدالت سے انصاف کی توقع ہے۔ ڈہرکی حادثہ کی منصفانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقاتی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جائے۔ ملتان میں قاری عبدالغفار نقشبندی کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر آف سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں ریلوے کا وزیر رہا ہوں، وارننگ پر عملدرآمد کروانا ریلوے محکمہ کا فرض ہوتا ہے۔ حکومت فوری طور پر جاں بحق افراد کے اہلخانہ کی امداد اور زخمی کو بہترین طبی امداد فراہم کرے۔ میں اس سلسلے میں سندھ حکومت سے کہوں گا کہ امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ جب وزیرخارجہ کے پی ڈی ایم کو ملتان کے چراغ سے آگ لگنے سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے تبصرہ سے انکار کیا اورکہا کہ میں انکے لئے صبر کی دعا کرتا ہوں۔ پی ڈی ایم کے حوالے سے سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ پی ڈی ایم نے مل کر بہت سی فتوحات حاصل کیں۔ ضمنی الیکشن، سینیٹ الیکشن میں ریکارڈ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ کسی لیڈر شپ کے بچے جیل نہیں گئے میرے دو بچے علی موسی اور علی قاسم پی ڈی ایم ملتان جلسہ میں جیل گئے۔ اپنی کامیابیوں کے باعث پی ڈی ایم کو آگے جانا چاہیئے۔ ہم نے پی ڈی ایم اجلاس میں کہا تھا کہ استعفی آخری حربہ ہوں گے تاکہ حکومت کیلئے ایٹم بم ثابت ہو سکیں، اسی پر اختلاف پیدا ہوا۔ بلاول بھٹو کا مقصد بھی عوام کو ریلیف دلوانا ہے۔ عوام کو ریلیف دلوانے کے لئے پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم کا موقف ایک ہے۔

جنوبی پنجاب صوبہ کے حوالے سے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جنوبی پنجاب جیسے پسماندہ علاقہ کو ہمیشہ اہمیت دی ہے۔ حکومت کو صوبہ بنانے کا طریقہ کار ہی نہیں پتا۔ کیا پی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی میں علیحدہ صوبہ کی قرارداد پیش کی ہے؟ ہم نے صوبائی اور قومی اسمبلی سے علیحدہ صوبہ کی قراردار منظور کروائی تھی۔ پیپلزپارٹی نے سینیٹ میں بل پیش کرکے دو تہائی اکثریت سے منظور کروا لیا تھا اور سینیٹ سے قبل صوبہ کے قیام کے لئے فرحت اللہ بابر کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا تھا۔ قومی اسمبلی میں دوتہائی اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے صوبہ نہیں بن سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علیحدہ صوبہ کے حوالے سے حکومتی نمائندوں میں سے مجھ سمیت اپوزیشن سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ ہر حوالے سے اپوزیشن سے بات چیت کرے۔ نئے پاکستان میں ترقی کے سوال پر سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم تو قائداعظم کے پاکستان کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں۔ ملک اس وقت اوپر جائے گا جب معاشی حالت ٹھیک اور غریب عوام کی حالت بہتر ہوگی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود کے حالیہ بیان پر انہوں نے کہا کہ میں کسی کے بیان پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا لیکن کوئی کہتا ہے کہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز یہاں نہیں بیٹھتے۔ میرا سوال ہے کہ پھر وزیراعظم کو یہاں لے کر آنا اور سیکرٹریٹ کا افتتاح کروانا کیا تھا۔ ہم نے علیحدہ سیکرٹریٹ نہیں صوبہ کا مطالبہ کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 936890

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936890/جن-لوگوں-نے-چیئرمین-سینیٹ-کے-الیکشن-میں-میری-مخالفت-کی-انہوں-سرائیکی-وسیب-ساتھ-دشمنی-یوسف-رضا-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org