QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ پنجاب سے گزارش کرتا ہوں ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات افسران کی چیکنگ کیلئے ٹیم تشکیل دیں

 وزیراعظم کے ہاتھوں سنگ بنیاد رکھے جانے والے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعبیر بارے کوئی پیش رفت نہیں، شاہ محمود قریشی 

8 Jun 2021 09:49

ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے لئے چار ارب روپے مختص کئے گئے، 11 ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک اس رقم کو استعمال میں نہیں لایا جاسکا۔ جبکہ رواں مالی سال کے اختتام میں 23 دن باقی ہیں میں اس خطے کے منتخب نمائندہ کے طور پر وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ عوامی نوعیت کے مسائل پر توجہ دیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس خطے کا منتخب نمائندہ اور ملتان کی مٹی کا سپوت ہونے کی حیثیت میں سوال کرتا ہوں کہ وزیراعظم پاکستان کے ہاتھوں سنگ بنیاد رکھے جانے والے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعبیر بارے ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ اس پروجیکٹ کے لئے چار ارب روپے مختص کئے گئے۔ 11 ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک اس رقم کو استعمال میں نہیں لایا جاسکا۔ جبکہ رواں مالی سال کے اختتام میں 23 دن باقی ہیں میں اس خطے کے منتخب نمائندہ کے طور پر وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ عوامی نوعیت کے مسائل پر توجہ دیں۔ اور وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کے عوام سے کئے گئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر اور فنگشنل کرنے کے وعدے کو پورا کریں۔ میں اس وعدہ کی تکمیل تک یادہانی کرواتا رہوں گا۔ اس خطے کے اراکین اسمبلی سے درخواست کرونگا کہ وہ اس مسئلے پر توجہ دیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سے گزارش کرتا ہوں ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات افسران کی چیکنگ کیلئے ٹیم تشکیل دیں جو چیک کرکے بتائیں کہ وہ افسران کتنے دن اپنے دفاتر میں موجود ہوتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے افسران سے گزارش کروں گا کہ ملتان اور بہاولپور میں بھی تھوڑا وقت گزار لیں۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اختیارات کی نچلی سطح پر تقسیم صرف اسی صورت میں ممکن ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں موجود ہوں اور مکمل اختیارات کے ساتھ عوامی مسائل حل کریں۔ سیکریٹریٹ کے قیام کے لئے افسران کی موجودگی اور باختیار ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب اس خطے کے سپوت ہیں۔ اور ان کا تعلق اس مٹی سے ہے۔ ہم سازشی عناصر نہیں بلکہ ہم آپ کی مضبوطی کیلئے آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس خطے کا منتخب نمائندہ ہونے کے ناطے ہمارا فرض ہے کہ ہم اس خطے کی مٹی سے وفا کریں، اس خطے کے لوگوں نے ہم پر اعتماد کیا ہمیں عوام کے اعتماد پر پورا اترنا ہوگا۔
 


خبر کا کوڈ: 936896

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936896/وزیراعظم-کے-ہاتھوں-سنگ-بنیاد-رکھے-جانے-والے-جنوبی-پنجاب-سیکرٹریٹ-کی-تعبیر-بارے-کوئی-پیش-رفت-نہیں-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org