0
Tuesday 8 Jun 2021 10:22

تقریباً 3 لاکھ افراد نے کورونا ویکسین کی دوسری خوراک نہیں لگوائی

تقریباً 3 لاکھ افراد نے کورونا ویکسین کی دوسری خوراک نہیں لگوائی
اسلام ٹائمز۔ جہاں حکومت شہریوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن سے متعلق آگاہی پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے وہیں تقریباً 3 لاکھ افراد ایسے ہیں جو ویکسین کی پہلی خوراک لگوانے کے بعد دوسری لگوانے نہیں آئے۔ ذرائع کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ایسے افراد سے رابطوں اور انہیں سمجھانے کے لیے ایک کال سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق 2 فروری سے شروع ہونے والی ویکسینیشن مہم میں اب تک 3 لاکھ افراد ایسے ہیں جو پہلی خوراک لگوانے کے بعد دوسری لگوانے کے لیے واپس نہیں آئے۔ وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ پاکستان میں ایسٹرازینیکا کے علاوہ زیادہ تر ویکیسنز کی دوسری خوراک 3 ہفتوں بعد لگتی ہے جبکہ ایسٹرازینیکا کی دوسری خوراک 12 ہفتے بعد لگائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ویکسین کی پہلی خوراک لگوانے والے 3 لاکھ افراد دوسری خوراک کے لیے بتائی گئی تاریخوں پر واپس نہیں آئے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم ایسے افراد کی درجہ بندی کر رہے ہیں، ان میں سے کچھ ایسے ہو سکتے ہیں جو دوسری خوراک لگوانے سے قبل انتقال کر گئے، ایک گروپ ایسا ہے جو ویکسین لگوانے کے بعد کورونا کا شکار ہوا اور اس کے بعد دوسری خوراک نہ لگوانے کا فیصلہ کیا جبکہ دیگر ممکنہ طور ہر ویکسینیشن کے منفی پروپیگنڈے کا شکار ہو گئے۔ 24 مئی کو ایک لاکھ 20 ہزار 960 افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک لگنی تھی لیکن صرف 77 ہزار 136 سے رابطہ کیا۔ اسی طرح 25 مئی کو ایک لاکھ 83 ہزار 601 کو دوسری خوراک لگنی تھی لیکن 87 ہزار 169 نے لگوائی، 26 مئی کو ایک لاکھ 87 ہزار 978 کو ویکیسن کی دوسری خوراک لگائی جانی تھی لیکن صرف 90 ہزار 160 نے لگوائی۔ 27 مئی کو ایک لاکھ 80 ہزار 537 خوراکیں لگائی جانی تھیں لیکن صرف ایک لاکھ 13 ہزار 390 لگائی گئں اسی طرح 29 مئی کو ایک لاکھ 95 ہزار 65 میں سے ایک لاکھ 40 ہزار 240 نے ویکسین کی دوسری خوراک لگوائی۔
 
خبر کا کوڈ : 936902
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش