QR CodeQR Code

سانحہ ماڈل ٹاون کی ساتویں برسی، عوامی تحریک کا ریلی نکالنے کا فیصلہ

8 Jun 2021 19:34

لاہور میں منعقدہ اجلاس میں ایوان اقبال تا پنجاب اسمبلی پُرامن احتجاجی ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے جدوجہد سیاسی نہیں انسانی اور ایمانی معاملہ ہے، حصول انصاف کی جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن لاہور کی کوآرڈینیشن کونسل کا مشترکہ اجلاس ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر حافظ غلام فرید اور پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سلطان محمود چودھری نے کی۔ اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف نہ ملنے پر اور 17جون کو ماڈل ٹاؤن سانحہ کے 7 سال مکمل ہونے پر ایوان اقبال تا پنجاب اسمبلی پُرامن احتجاجی ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے جدوجہد سیاسی نہیں انسانی اور ایمانی معاملہ ہے، حصول انصاف کی جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی۔ اجلاس میں ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، صدر منہاج القرآن علما کونسل لاہور علامہ خلیل احمد حنفی، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور علی قریشی، صدر ویمن لیگ لاہور نورین علوی، ناظمہ ویمن لیگ لاہور فہنیقہ ندیم سمیت کوآرڈینیشن کونسل کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ 17 جون کے پُرامن احتجاج میں مرد، خواتین، بچے، بوڑھے و اہلیان لاہور شرکت کرینگے۔انہوں نے کہا کہ 7 سال گزر گئے ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف نہیں ملا۔ قتل عام میں ملوث ملزموں کو سزاؤں کی بجائے مراعات اور ترقیاں دی گئیں۔ نظام عدل اتنا بے بس اور کمزور ہو گیا ہے کہ مظلوموں کو انصاف دینے سے بھی قاصر دکھائی دیتا ہے۔موجودہ حکومت کو بھی اقتدار میں آئے تین سال ہو گئے ہیں مگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ طاقتور آج بھی طاقتور اور انصاف کمزور ہے۔ موجودہ انتخابی نظام نے کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری اور اداروں کو مفلوج کرنے کے سوا کچھ نہیں دیا۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا کو 7 سال سے غیر جانبدار تفتیش کا حق بھی نہیں ملا۔

پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سلطان محمود چودھری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ17 جون کے پر امن احتجاج میں چیف جسٹس سپریم کورٹ سے ایک بار پھر استدعا کرینگے کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اپنے شہدا کو بھولی ہے نہ بھولے گی، انصاف لے کر رہیں گے۔ 17 جون کو لاہور کے غیور عوام پُرامن احتجاج میں شامل ہو کر یہ پیغام دیں گے کہ وہ اس قتل عام اور ظلم کو نہیں بھولے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اس عوام دشمن فرسودہ نظام کو بدلنا چاہتی جو سیاسی پارٹیوں اور مفاد پرست طبقہ نے اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے قائم کر رکھا ہے۔ اس عوام دشمن نظام کو بدلنے سے ہی ملک مسائل کی دلدل سے نکلے گا۔


خبر کا کوڈ: 936974

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936974/سانحہ-ماڈل-ٹاون-کی-ساتویں-برسی-عوامی-تحریک-کا-ریلی-نکالنے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org