QR CodeQR Code

جو مودی حکومت کے غلط فیصلوں کیخلاف آواز اٹھاتا ہے اسے پاکستانی ایجنٹ کا نام دیا جاتا ہے، محبوبہ مفتی

8 Jun 2021 22:10

ایک ٹویٹ میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کے اداروں نے اس طرح کی کھلی خلاف ورزیوں پر توجہ دینا چھوڑ دیا ہے، اس لئے بقول ان کے اقوام متحدہ کو مداخلت کرنی چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے مودی حکومت کے فن حکمرانی کو ایک مرتبہ پھر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہر وہ شخص جو بھارت میں برسر اقتدار مودی حکومت کے غلط فیصلوں اور اقدامات کے خلاف آواز اٹھاتا ہے، اسے پاکستانی ایجنٹ کا نام دیا جاتا ہے۔ ایک ٹویٹ میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کے اداروں نے اس طرح کی کھلی خلاف ورزیوں پر توجہ دینا چھوڑ دیا ہے، اس لئے بقول ان کے اقوام متحدہ کو مداخلت کرنی چاہیئے۔ محبوبہ مفتی کا یہ ٹویٹ پارٹی کے محروس لیڈر وحید پرہ کے خلاف دائر کئے گئے اس چارج شیٹ کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے، جس میں ثانی الذکر پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ جنگجوﺅں اور مین اسٹریم سیاستدانوں کے درمیان تعلقات کا سرگرم محرک تھا۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ جب بھارت کے انسانی حقوق کے اداروں نے اپنا کام کرنا چھوڑ دیا ہے تو لوگ انصاف کی خاطر عالمی سطح کی بشری حقوق اداروں سے رجوع کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے اس بات پر سخت افسوس اور تشویش کا اظہار کیا کہ بھارتی حکومت ہر اس شخص یا سیاستدان کو پاکستانی ایجنٹ کا الزام دیتی ہے جو اس کے کام کاج یا غلط پالیسیوں پر آواز اٹھاتا ہے۔ واضح رہے کہ پی ڈی پی سے وابستہ وحید پرہ پچھلے ایک سال سے نظربند ہیں اور ان کے خلاف جموں و کشمیر پولیس نے ایک چارج شیٹ دائر کی جس میں انہیں جنگجوﺅں کا اہم سرمایہ قرار دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 936981

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936981/جو-مودی-حکومت-کے-غلط-فیصلوں-کیخلاف-آواز-اٹھاتا-ہے-اسے-پاکستانی-ایجنٹ-کا-نام-دیا-جاتا-محبوبہ-مفتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org