QR CodeQR Code

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موبائل سپیکٹرم کی نیلامی ملتوی

8 Jun 2021 22:11

اس سے قبل حکومت نے رواں مالی سال جون تک سپیکٹرم کی نیلامی کا منصوبہ بنایا تھا اور اس نیلامی سے ایک ارب ڈالر سے زائد کی آمدنی کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ زرائع کا کہنا ہے کہ سپیکٹرم کی نیلامی آئندہ مالی سال میں ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موبائل سپیکٹرم کی نیلامی ملتوی کر دی گئی۔ اس سے قبل حکومت نے رواں مالی سال جون تک سپیکٹرم کی نیلامی کا منصوبہ بنایا تھا اور اس نیلامی سے ایک ارب ڈالر سے زائد کی آمدنی کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ زرائع کا کہنا ہے کہ سپیکٹرم کی نیلامی آئندہ مالی سال میں ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق نیلامی کو آئندہ مالی سال تک ملتوی کرنے سے حکومت کو بجٹ 22_2021ء میں نان ٹیکس ریونیو بہتر طور پر ظاہر کرنے میں مدد ملے گی۔ دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں، صرف حکومتی احکامات کے منتظر ہے۔ اس سے قبل 25 مئی کو وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے ایڈوائزری کمیٹی کا چوتھا اجلاس ہوا تھا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور پاکستان میں سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے ڈرافٹ پالیسی ڈائریکٹیوزکی منظوری دی گئی تھی۔ اجلاس میں 1800 میگاہرٹز کی بنیادی قیمت 29 ملین ڈالر جبکہ 2100 میگاہرٹز بینڈز کی بنیادی قیمت 31 ملین ڈالر مقرر کی گئی تھی۔

ڈرافٹ پالیسی اب وفاقی کابینہ کو بھجوائی جائے گی، پھر وزارت آئی ٹی سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے یہ پالیسی پی ٹی اے کو ارسال کریگی۔ رپورٹ میں سرکاری زرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایڈوائزری کمیٹی کو سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے ٹائم لائن اور چیلنجز کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا، کیونکہ رواں مالی سال میں بہت کم وقت باقی رہ گیا ہے، اس دورانیے میں نیلامی ممکن نہیں، اب زرائع کا کہنا ہے کہ سپیکٹرم کی نیلامی اگلے مالی سال یعنی جولائی کے بعد ہوگی۔ واضح رہے کہ پاکستان میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروس (این جی ایم ایس) کی نیلامی 2014ء، 2016ء اور 2017ء میں ہوئی تھی۔ اس وقت ملک بھر میں براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 100 ملین سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 2014ء میں صرف 14 ملین تھی۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے لوگ این جی ایم ایس کی نیلامی کے شدت سے منتظر ہیں کیونکہ جی بی میں براڈ بینڈ سروس ناقص ہونے سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گلگت بلتستان میں تھری ءجی، فورجی سروس کیلئے کئی مرتبہ احتجاج اور مظاہرے بھی ہو چکے ہیں


خبر کا کوڈ: 936992

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/936992/ا-زاد-کشمیر-اور-گلگت-بلتستان-میں-موبائل-سپیکٹرم-کی-نیلامی-ملتوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org