QR CodeQR Code

علامہ باقر زیدی کا گھوٹکی ٹرین حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار

8 Jun 2021 22:32

ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ اس طرح کے حادثات اگر عملے کی غفلت کے سبب رونما ہوں تو ذمہ داران کیخلاف قتل اور دہشت گردی کے تحت مقدمات کا اندراج ہونا چاہیئے تاکہ حساس نوعیت کی ذمہ داریوں میں کوتاہی نہ برتی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے گھوٹکی ٹرین حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں پچاس سے زائد افراد کی موت ایک المناک سانحہ ہے جس سے ہر آنکھ اشکبار ہے، حادثے کے زخمی افراد کو علاج معالجے کی مکمل سہولیات اور متاثرہ مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لئے ریلوے اور متعلقہ اداروں کو بلا حیل و حجت تمام تر وسائل بروئے کار لانے ہوں گے، مسافروں کی طرف سے متبادل گاڑی کی فراہمی کے مطالبے پر ریلوے حکام کی عدم توجہی کی اطلاعات افسوسناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زخمی مسافروں کی طرف سے ریلوے کے عملے پر حادثے کا الزام عائد کیا جانا بہت سارے سوالات کو جنم دیتا ہے، ریل کار کے ذریعے کسی بھی سفر سے قبل ریل کے انجن اور بوگیوں کے ضروری حصوں کی جانچ پڑتال میں کوتاہی سنگین جرم ہے، اس طرح کے حادثات اگر عملے کی غفلت کے سبب رونما ہوں تو ذمہ داران کیخلاف قتل اور دہشت گردی کے تحت مقدمات کا اندراج ہونا چاہیئے تاکہ حساس نوعیت کی ذمہ داریوں میں کوتاہی نہ برتی جائے۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی مغرت اور بلندی درجات کیلئے دعا کی، اس کے ساتھ ساتھ واقعہ میں رخمی افراد کی جلد از جلد صیحتیابی کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔


خبر کا کوڈ: 937004

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/937004/علامہ-باقر-زیدی-کا-گھوٹکی-ٹرین-حادثے-میں-قیمتی-انسانی-جانوں-کے-ضیاع-پر-افسوس-اظہار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org