0
Tuesday 8 Jun 2021 23:03

جنگلات کی کٹائی روکنے کیلئے کلین انرجی منصوبے متعارف کرا رہے ہیں، خالد خورشید

جنگلات کی کٹائی روکنے کیلئے کلین انرجی منصوبے متعارف کرا رہے ہیں، خالد خورشید
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے قراقرم یونیورسٹی میں عالمی یوم ماحولیات اور ماحولیاتی نظام کی بحالی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلیشیرز کے تحفظ اور ماحولیاتی نظام کی بقا اور بحالی کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ قراقرم یونیورسٹی میں اس حوالے سے ریسرچ پیپرز پر کام کیا جائے، حکومت تعاون کرے گی۔ پاکستان کو پہلی مرتبہ عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی ملی ہے جو ہم سب کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن اور دور اندیشی کی وجہ سے صوبہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد بلین ٹری سونامی کا منصوبہ شروع کیا۔ ملک کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد 10 بلین ٹری سونامی کے تحت پورے ملک میں شجرکاری شروع کی گئی۔ ماحولیات کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی اداروں کے متعین کردہ 2030 کے اہداف کو 10 سال پہلے پاکستان نے وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق حاصل کیا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا بند ہو گئی تھی لیکن وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر بھی کہا کہ جو شجرکاری پر کام کریں گے، ان کو خصوصی مراعات اور روزگار دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں جو نقصانات ہو رہے ہیں اس سے پاکستان خصوصاً گلگت بلتستان زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ جنگلات کے کٹاؤ اور گلیشیرز کے پگھلنے سے ہماری زندگیوں پر منفی نتائج مرتب ہو رہے ہیں۔ اپنے آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے جنگلات کے فروغ اور گلیشیرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس حوالے سے حکومت کی پالیسی واضح ہے۔ توانائی کے متبادل ذرائع نہ ہونے کی وجہ سے جی بی میں جنگلات کٹ رہے ہیں، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے کلین انرجی کے منصوبے متعارف کرا رہے ہیں تاکہ جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ جی بی کا مستقبل ماحولیات اور ماحولیاتی نظام کی بحالی اور تحفظ میں ہے۔ سیاحت کے حوالے سے گلگت بلتستان منفرد مقام رکھتا ہے، جس کی وجہ سے مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کی بڑی تعداد جی بی آ رہی ہے، جس سے روزگار کے مواقع میسر آرہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ جی بی کی تعمیر و ترقی اور بہتر مستقبل کیلئے سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنے کی ضرورت ہے۔ نیشنل پارکس بنانے کا مقصد ماحولیات، جنگلی حیات اور ماحولیاتی نظام کی بحالی ہے، لیکن بدقسمتی سے ان لوگوں نے بھی حکومت کے اس اقدام پر بلاوجہ تنقید اور مخالفت کی، جنہوں نے ماضی میں خود نیشنل پارکس بنائے۔ حکومت جنگلات کے تحفظ اور فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ محکمہ جنگلات کے استعداد کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ 10 بلین ٹری سونامی کے تحت گلگت بلتستان میں 70 کروڑ درخت لگانے ہیں۔ حکومت نے ماحولیات کے تحفظ اور جنگلات کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے 1 کروڑ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ قراقرم یونیورسٹی کو پاکستان کے بہتر تعلیمی اداروں کے برابر لانے کیلئے صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ہماری خواہش ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں سے طالب علم اعلیٰ تعلیم کیلئے قراقرم یونیورسٹی میں داخلے لیں۔
خبر کا کوڈ : 937009
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش