QR CodeQR Code

فلسطینی تنظیموں نے جمعرات کے روز مسجد اقصیٰ میں بھرپور اجتماع کی کال دیدی

8 Jun 2021 23:58

شدت پسند یہودی آبادکاروں کیجانب سے جمعرات 10 جون کے دن مسجد اقصیٰ میں بڑا مظاہرہ کرنے کے اعلان کے بعد سرگرم فلسطینی تنظیموں نے بھی مسلمان شہریوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جمعرات کے روز مسجد اقصیٰ میں بھرپور اجتماع منعقد کریں۔


اسلام ٹائمز۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق شدت پسند یہودیوں نے "پرچم ریلی" منسوخ ہونے کے بعد جمعرات 10 جون کے دن مسجد اقصیٰ میں بڑا مظاہرہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ مقبوضہ فلسطین میں یہودی آبادکار ہر سال "پرچم ریلی" منعقد کرتے تھے لیکن اس سال اسلامی مزاحمتی تنظیموں کی جانب سے الٹی میٹم کے بعد یہ ریلی منسوخ کر دی گئی ہے، جس پر شدت پسند یہودی شدید غصے کا شکار ہیں۔ اسی کے ردعمل کے طور پر انہوں نے جمعرات 10 جون کے دن مسجد اقصیٰ میں بڑا مظاہرہ منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ دوسری طرف مقبوضہ فلسطین میں سرگرم فلسطینی تنظیموں نے بھی مسجد اقصیٰ میں ممکنہ شدت پسندانہ اقدامات اور مسجد کی بے حرمتی کے خدشے کے پیش نظر تمام فلسطینی شہریوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جمعرات 10 جون کے دن مسجد اقصیٰ میں عظیم اجتماع منعقد کرکے شدت پسند یہودیوں کی اس سازش کو بھی ناکام بنا دیں۔

مسجد اقصیٰ کے متولی شیخ عمر الکسائی نے اخبار العربی الجدید سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یہودی شدت پسند آبادکاروں کا مقصد مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی اوقاف کے کارکنان اور مسجد اقصیٰ کے گارڈز اس مسجد کے دفاع کیلئے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے انجام دیں گے۔ اسی طرح انہوں نے تمام فلسطینی شہریوں سے مسجد اقصیٰ میں اعتکاف کی اپیل بھی کی۔ دوسری طرف غاصب صہیونی رژیم کی کابینہ نے "پرچم ریلی" منسوخ ہونے کے بارے میں ہنگامی میٹنگ منعقد کی ہے۔ موصولہ رپورٹس کے مطابق کینسٹ کے بعض شدت پسند اراکین اور لیکوڈ پارٹی کے رہنماوں نے بھی جمعرات کے روز مسجد اقصیٰ میں مظاہرے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ مقبوضہ فلسطین کے بعض سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں مظاہرے کی کال درحقیقت بنجمن نیتن یاہو اور اس کے حامیوں نے سیاسی مفادات کے حصول کی خاطر دی ہے۔ ان کا مقصد نئی تشکیل پانے والی کابینہ کو ناکام بنانا ہے۔


خبر کا کوڈ: 937027

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/937027/فلسطینی-تنظیموں-نے-جمعرات-کے-روز-مسجد-اقصی-میں-بھرپور-اجتماع-کی-کال-دیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org