QR CodeQR Code

 ہمیں سیکرٹریٹ نہیں بلکہ علیحدہ صوبہ چاہیے جوکہ حکومت بنانا ہی نہیں چاہتی

جہانگیر ترین انصاف مانگ رہے ہیں جو انہیں ملنا چاہیے، یوسف رضا گیلانی 

9 Jun 2021 00:24

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلے سودن ہر حکومت کے لئے اہم ہوتے ہیں، ہم نے چارٹر آف ڈیموکریسی پر عمل شروع کیا، موجودہ حکمران اپنے منشور پر عمل نہیں کر سکے، تین سال بعد سابقہ حکومتوں پر ہی ملبہ ڈالنا سمجھ سے بالاتر ہے، این ایف سی ایوارڈ پر عمل ہونا چاہیے لیکن جنوبی پنجاب کو کچھ نہیں ملا۔ 


اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف سینیبٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل پر اپوزیشن متحد ہے۔ عوام دوست بجٹ نہ ہوا تو شدید مزاحمت کریں گے۔ حکومت تین سال بعد بھی اپنی ناکامیاں اپوزیشن پر ڈال رہی ہے۔ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا ہے۔ موجودہ حکمران صرف اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ بجٹ ایک گورکھ دھندہ ہے جس میں عوام کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی جبکہ حکومت نے معیشت ہی تباہ کردی ہے۔ جہانگیر ترین انصاف مانگ رہے ہیں جو انہیں ملنا چاہیے۔ ہمیں سیکرٹریٹ نہیں بلکہ علیحدہ صوبہ چاہیے جوکہ حکومت بنانا ہی نہیں چاہتی۔ ریلوے کا سانحہ افسوسناک ہے، آئے دن کے حادثات پر انکوائری اور ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے فوت شدہ اور زخمیوں کا ازالہ کیا جائے، ٹریک کے حوالے سے پہلے ہی آگاہی تھی پھر بھی حادثہ ہوگیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی ملتان شہر کے صدر ملک نسیم حسین لابر کے بھائی سینیئر رہنما پاکستان پیپلزپارٹی ملک ارشاد رسول ایڈووکیٹ کی وفات پر ان سے اظہار تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 انہوں نے کہا کہ پہلے سو دن ہر حکومت کے لئے اہم ہوتے ہیں ہم نے چارٹر آف ڈیموکریسی پر عمل شروع کیا، موجودہ حکمران اپنے منشور پر عمل نہیں کر سکے تین سال بعد سابقہ حکومتوں پر ہی ملبہ ڈالنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ پر عمل ہونا چاہیے لیکن جنوبی پنجاب کو کچھ نہیں ملا، درجنوں بجٹ دیکھے یہ گورکھ دھندہ ہوتے ہیں عوام کے مسائل کے لئے اپوزیشن ایک ہے، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے اپوزیشن تمام لیول پر ایک ہیں اور عوام دوست بجٹ نہ ہوا تو شدید مخالفت کریں گے، ہمیں سیکرٹریٹ نہیں علیحدہ صوبہ چاہیے، میں نے علیحدہ صوبے کے لئے بل پاس کرا لیا تھا، کیا انہوں نے پنجاب میں بل پاس کرایا، یہ حکومت علیحدہ صوبہ بنانا ہی نہیں چاہتی، معاشی حالات تباہ ہو چکے ہیں ہم نے کبھی بھی انتقامی کارروائی نہیں کی، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے منصوبوں پر ہی تختیاں لگ رہی ہیں اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں ہو رہی ہیں، ترین گروپ انصاف مانگ رہا ہے انہیں ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اسلام امن و اخوت، محبت و درگزر کا درر دیتا ہے، کینیڈا میں جو ہوا غلط ہوا، عالمی برادری کو اس حوالے سے کردار ادا کرنا ہوگا، یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپوزیشن کو آن بورڈ لے، جہانگیر ترین سمیت تمام افراد کو انصاف ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ سیاست دان عزت دار لوگ ہیں وہ عزت کے لئے سیاست کرتے ہیں، کسی سیاست دان کو بکاو مال کہنا نامناسب ہے، جن کو حق نہیں ملے تو کیا وہ آواز نہیں اٹھائے گا، ملک کے حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ سیاسی استحکام ہی معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام احساس پروگرام رکھ دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 937030

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/937030/جہانگیر-ترین-انصاف-مانگ-رہے-ہیں-جو-انہیں-ملنا-چاہیے-یوسف-رضا-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org