0
Wednesday 9 Jun 2021 08:34

جماعت اسلامی کا بحریہ ٹاؤن واقعے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

جماعت اسلامی کا بحریہ ٹاؤن واقعے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان مجاہدچنا نے کراچی میں صدیوں سے مقیم مقامی آبادیوں پر بحریہ کے قبضے اور اس کو بنیاد بناکر بحریہ ٹاﺅن کراچی میں احتجاج کے دوران جلاﺅ گھیراﺅ اور لوٹ مار کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ افسوس ناک واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے، اس میں ملوث مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے، بحریہ ٹاؤن کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کیا جائے، حالیہ واقعے میں بحریہ متاثرین کے مالی نقصانات کا حکومت ازالہ کرے، جن بھی لوگوں نے اپنی جمع پونجی لگائی تھی، ان کا کیا قصور تھا؟۔ اپنے بیان میں صوبائی ترجمان مجاہد چنا نے کہا کہ پُرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، مگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی کے باوجود بڑے پیمانے پر جلاﺅ گھیراﺅ سے کئی سوالات نے جنم لیا ہے۔

مجاہد چنا نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے، مگر کئی دن پہلے احتجاج کے اعلان کے باوجود سندھ حکومت نے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ضروری اقدامات نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے مقامی گاﺅں گوٹھوں پر زبردستی قبضہ اور غریب لوگوں کو مناسب معاوضہ نہیں دیا، جس پر سندھ حکومت تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کے حوالے سے سپریم کورٹ نے جو تفصیلی فیصلہ دیا ہے، اس کے الفاظ و روح کے مطابق عمل نہیں کیا گیا، لہٰذا سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرنا حکومت کا فرض ہے۔
خبر کا کوڈ : 937069
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش