QR CodeQR Code

جے شری رام کا نعرہ نہ لگانے پر مسلم نوجوانوں کی مار پیٹ، مولانا محمود مدنی کی تشویش

9 Jun 2021 10:36

جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی نے بارہا یہ کہا ہے کہ ہندوستان جیسے عظیم جمہوری ملک میں ایسے واقعات انتہائی افسوس ناک اور ملک کی رسوائی کا سامان ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیۃ علماء ہند کے ایک وفد نے غازی آباد یو پی کے رہنے والے ایک طالب علم ذیشان احمد و شہزاد نصرت سے ملاقات کی اور ان کے احوال پرسی کی۔ ان دونوں لوگوں کو الگ الگ واقعہ میں دتوڑی ایس ایس پبلک اسکول کے پاس منظم طریقے سے موجود شرپسندوں نے مذہبی منافرت کی بنیاد پر سخت زدوکوب کیا۔ انہیں جے شری رام جیسے مذہبی نعرہ نہ لگانے پر بے رحمی سے پیٹا تھا، یہ واقعہ 4 جون کو پیش آیا تھا۔

جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی، مولانا غیور احمد قاسمی اور ہاپوڑ کے مولانا افتخار احمد قاسمی، مفتی اسجد عابدی بلند شہری، چودھری اطہر جیون نرسنگھ ہوم، مولانا مصطفی ناہل، سروری صاحب ناہلی، پردھان کامل وغیرہ پر مشتمل جمعیۃ کے وفد نے کل ذیشان اور شہزاد سے ان کے گھر جا کر ملاقات کی اور متعلقہ افسران سے مجرموں کے خلاف جلد ازجلد قرار واقعی سزا کا مطالبہ کیا۔

اس طرح کے واقعات کسی بھی مہذب سماج کے لئے انتہائی گھناؤنا اور مکروہ ہے کہ کسی بھی راہ گیر کو مذہبی نعرے لگانے پر مجبور کیا جائے اور نہ لگانے پر بھیڑ ان کو جان سے مارنے کی کوشش کرے، جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی نے بارہا یہ کہا ہے کہ ہندوستان جیسے عظیم جمہوری ملک میں ایسے واقعات انتہائی افسوس ناک اور ملک کی رسوائی کا سامان ہیں۔


خبر کا کوڈ: 937084

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/937084/جے-شری-رام-کا-نعرہ-نہ-لگانے-پر-مسلم-نوجوانوں-کی-مار-پیٹ-مولانا-محمود-مدنی-تشویش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org