QR CodeQR Code

صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی حکمرانوں کی نااہلی کا ثبوت ہے، میاں ذکر اللہ مجاہد

9 Jun 2021 18:47

ثریا عظیم وقف ہسپتال کی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور کا کہنا تھا کہ متعدد بڑے ہسپتالوں میں تھیلیسیمیا، اینجیو گرافی کی سہولیات نہیں ہیں، شہر کے بڑے سرکاری ہسپتال میں ایسی صورتحال کے بعد غریب مریض سسک سسک کر جان کی بازی ہار نے پر مجبور ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ صدر گورننگ باڈی ثریا عظیم ہسپتال و امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس بجٹ میں ہسپتالوں کے بجٹ میں اضافہ کرے، تاکہ عوام الناس کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔ صوبائی دارالحکومت کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایمرجنسی میں مریضوں کا علاج وہیل چیئرز، زمین پر لٹا کر یا ایک بیڈ پر تین تین مریض لٹا کر کیا جا رہا ہے۔ شہر کے متعدد بڑے ہسپتالوں میں تھیلیسیمیا، اینجیو گرافی کی سہولیات موجود ہیں ہی نہیں، شہر کے بڑے سرکاری ہسپتال میں ایسی صورتحال کے بعد غریب مریض سسک سسک کر جان کی بازی ہارنے پر مجبور ہیں، جو محکمہ صحت اور حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثریا عظیم وقف ہسپتال کی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں عہدیداران ہسپتال سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایم ایس ثریا عظیم ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، ممبر گورننگ باڈی ثریا عظیم ہسپتال لاہور عبدالعزیز عابد، پرنسپل ثریا عظیم انسٹیٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز فیاض احمد فیضی، فنانس ہیڈ محسن بشیر، ایڈمن شہزاد حسین نے شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ حکومت صحت کے بجٹ کو بڑھانے کے ساتھ لوکل فارمو سیوٹیکل انڈسٹری کو سہولیات فراہم کرے، تاکہ عوام کو سستی ادویات مہیا ہوسکیں اور پاکستان کی انڈسٹری خوشحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ ثریا عظیم وقف ہسپتال سو فیصد چیریٹی کا ادارہ ہے، جس میں 42 کنسلٹنٹ ڈاکٹرز دن رات مریضوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ رمضان المبارک میں ثریا عظیم ہسپتال کے ڈونرز نے ہم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جو عطیات دیئے ہیں، ان کے مشکور ہیں اور اس بات کی یقین دہانی کرواتے ہیں کہ پوری ایمانداری اور ذمہ داری سے ان کے دیئے ہوئے عطیات کو غریب اور مستحق مریضوں کے علاج معالجہ پر خرچ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 937161

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/937161/صحت-کی-سہولیات-عدم-دستیابی-حکمرانوں-نااہلی-کا-ثبوت-ہے-میاں-ذکر-اللہ-مجاہد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org