0
Wednesday 9 Jun 2021 22:22

گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات رواں سال ہونگے، صوبائی کابینہ نے منظوری دیدی

گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات رواں سال ہونگے، صوبائی کابینہ نے منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کابینہ نے جی بی میں بلدیاتی انتخابات رواں سال ہی کرانے کی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کنٹریکٹ ایمپلائز ریگولرائزیشن ایکٹ 2020ء کو دوبارہ اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دیدی گئی جبکہ نیٹکو میں ہر قسم کی بھرتیوں پر پابندی لگا دی گئی۔ صوبائی کابینہ کے چھٹے اجلاس میں 24 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوا جبکہ دو نکات کو موخر کر دیا گیا، دیگر 22 نکات کی منظوری دیدی گئی۔ صوبائی وزیر اطلاعات فتح اللہ خان اور وزیر خزانہ جاوید علی منوا نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے گندم ریٹ نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا، حالانکہ اس حوالے سے کافی پریشر تھا لیکن وزیراعلیٰ نے ریٹ بڑھانے سے انکار کیا۔

کابینہ نے گلگت بلتستان پبلک پروکیورمنٹ بل 2021ء کے ساتھ کنٹریکٹ ایمپلائز ریگولرائزیشن ایکٹ کو بھی اسمبلی میں پیش کرنے کی منظور دیدی۔ کابینہ نے گلگت بلتستان میں ہاﺅسنگ سکیم کے منصوبے کی بھی منظوری دیدی، منصوبے کے تحت جی بی میں 12 سو گھر بنائے جائیں گے۔ کابینہ نے کنٹریکٹ ختم ہونے والے ڈاکٹروں کی دوبارہ ملازمت پر بحالی کی بھی منظوری دیدی، ساتھ ہی ماہر ڈاکٹروں کے کورس کے لئے نئی مراعات متعارف کرائی گئیں۔ ڈاکٹروں کی دوبارہ تعیناتی اور برطرفی کے قانون کی منظوری دیدی۔ ڈاکٹر اب تین سال کے بجائے دو سال بعد ہی ایف سی پی ایس سی کیلئے جا سکیں گے۔ کابینہ نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ میں ترمیم کرکے اسمبلی سے منظوری لینے کا فیصلہ کیا۔

صوبائی کابینہ نے نیٹکو کیلئے 351 ملین گرانٹ دینے کے ساتھ کے ٹو بیس کیمپ اور بلتورو میں صفائی مہم کیلئے 24 ملین روپے کی بھی منظوری دیدی۔ صوبائی وزراء نے بتایا کہ کابینہ نے جی بی میں واٹر اینڈ پاور کے 2017ء سے 2019ء تک کے بقایات کی ادائیگی کی منظوری دیدی۔ گلگت بلتستان میں پیپرا کے ادارے کا قیام اور سی ایم اسسٹنٹ پیکج ایکٹ کی بھی منظوری دیدی گئی۔ کابینہ نے لیویز فورس کے سروس رولز کی منظوری بھی دیدی۔ اجلاس میں قادری ائیر بیس سکردو کے لئے نئی زمین کی خریداری کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا نیز وزراء کے صوبدیدی فنڈز کی تقسیم کے فارمولے شفاف بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ کابینہ نے گلگت ماسٹر پلان اور گندم کی قیمتوں کے حوالے سے فیصلے کو موخر کر دیا۔ وزراء نے بتایا کہ کابینہ نے رواں سال ہی بلدیاتی الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 937197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش