QR CodeQR Code

گلگت بلتستان کیلئے دو سو ارب کا پیکج تاریخی ہے، معاونین خصوصی وزیراعلیٰ

9 Jun 2021 22:43

اپنے مشترکہ بیان میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے معاونین خصوصی حاجی حیدر خان، حاجی محبوب اور محمد الیاس صدیقی کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے جی بی کو نظر انداز کیا ہوا تھا لیکن وزیراعظم پاکستان عمران خان نے مختلف سیکٹرز جو نہایت ہی اہمیت کے حامل تھے، ان تمام سیکٹرز کو فعال بنانے کا عزم کیا اور گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے تاریخی پیکج منظور کرکے انقلابی قدم اٹھایا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے معاونین خصوصی حاجی حیدر خان، حاجی محبوب اور محمد الیاس صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جی بی کیلئے دو سو ارب کا ترقیاتی پیکج تاریخی ہے، جس سے خطے کی تقدیر بدل جائیگی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو اس تاریخی پیکج کو منظور کروانے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ جی بی کی ترقی کو ترجیح دینے پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے گلگت بلتستان کو نظر انداز کیا ہوا تھا، لیکن وزیراعظم پاکستان عمران خان نے مختلف سیکٹرز جو نہایت ہی اہمیت کے حامل تھے، ان تمام سیکٹرز کو فعال بنانے کا عزم کیا اور جی بی کی ترقی کیلئے تاریخی پیکج منظور کرکے انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے انرجی سیکٹر اور انتہائی اہمیت کی حامل سڑکوں کو نظرانداز کیا تھا، اب وزیراعلیٰ ان پر کام کرنا چاہتے ہیں اور ان شاء اللہ ان اقدامات سے جی بی میں تاریخی ترقی ہوگی اور مقامی سطح پر روزگار کے مواقع وافر مقدار میں میسر ہونگے۔

معاونین خصوصی وزیراعلیٰ کے مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نلتر ویلی روڈ اور شندور روڈ کی تعمیر سے گلگت بلتستان میں سفری سہولتوں کے ساتھ ساتھ سیاحت کو فروغ ملے گا، نیز جی بی میں پیدا ہونے والی اشیاء کو بیرونی مارکیٹ تک رسائی میں بھی آسانیاں پیدا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترقیاتی رفتار کو دیکھ کر مخالفین کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں اور غیر ضروری احتجاج، دھرنے وغیرہ کروا کر حکومت کو مصروف رکھ کر حکومت کو ترقی کے اصل اہداف سے دور رکھنا چاہتے ہیں، جس میں انہیں سخت مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں ملنے والا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گلگت بلتستان کے ترقیاتی عمل کو کامیاب بنانے کیلئے حکومت کو مضبوط کریں اور ترقی دشمن سوچ کو ناکام بنوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔


خبر کا کوڈ: 937202

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/937202/گلگت-بلتستان-کیلئے-دو-سو-ارب-کا-پیکج-تاریخی-ہے-معاونین-خصوصی-وزیراعلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org