0
Thursday 10 Jun 2021 02:35

ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سم بلاک کرنے کی تجویز

ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سم بلاک کرنے کی تجویز
اسلام ٹائمز۔ پنجاب میں لازمی ویکسینیشن کے لیے پابندیوں سے متعلق تجاویز تیار کرلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کی زیر صدارت کورونا سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ویکسینیشن سے متعلق مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ویکسینیشن نہ کرانے والوں کی شاپنگ مالز، ہوٹل میں داخلہ بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ویکسینیشن نہ کرانے والوں کا موبائل سم کارڈ بلاک کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لوگوں کی صحت اور زندگیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کورونا سے چھٹکارہ ویکسینیشن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، این سی او سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق صوبے بھر میں ویکسینیشن کے ہدف کو ہر صورت پورا کیا جائے گا۔

یاسمین راشد نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے ہر ضلع کے لیے روزانہ ویکسینیشن کا ہدف مقرر کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب چیف سیکریٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن اہداف کے حوالے سے کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ویکسینیشن سے متعلق اضلاع کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ چیف سیکریٹری نے کم ویکسینیشن والے اضلاع میں ویکسین لگانے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اہداف پورا نہ کرنے والے اضلاع کے افسران سے باز پرس ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 937230
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش