QR CodeQR Code

سانحہ ماڈل ٹاؤن پاکستان کی تاریخ کا ایک افسوسناک واقعہ ہے، گورنر پنجاب

10 Jun 2021 21:19

چودھری محمد سرور نے خرم نواز گنڈاپور سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل بھی انصاف کیلئے ورثاء کیساتھ تھا میں آج بھی انصاف کی ایک مضبوط آواز ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے بغیر کوئی ملک اور معاشرہ باوقار نہیں ہو سکتا۔ ہمیں اپنے انصاف، تفتیش اور پراسیکیوشن کے ادارے کو اتنا مضبوط بنانا ہے کہ کمزور طاقتور کے مقابلے میں ناانصافی کا شکار نہ ہو۔


اسلام ٹائمز۔ ٹاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے گفتگو کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ 7 سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف کیلئے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ 17 جون کو پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں احتجاج ہو گا۔ ہم قانونی جدوجہد کر رہے ہیں جس کا کوئی نتیجہ نکلتا دکھائی نہیں دے رہا۔ ہمیں زبردستی احتجاج کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے چودھری سرور کو 17 جون کو لاہور میں ہونیوالے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ آپ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے ہمیشہ آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ آپ 17 جون کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 7ویں برسی کے موقع پر ورثاء کیساتھ اظہار یکجہتی کریں۔

خرم نواز گنڈاپور نے قانونی رکاوٹوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فلور پر اتفاق رائے کیساتھ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش کیلئے جو جے آئی ٹی بنائی گئی تھی اس جے آئی ٹی نے اپنا کام مکمل کر لیا تھا۔ عین رپورٹ مرتب کرنے کے مرحلہ پر اُسے کام کرنے سے روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سوال ہے کہ غیر جانبدار تفتیش کیوں نہیں ہونے دی جا رہی۔ غیر جانبدار تفتیش سے ہی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہماری دوسری شکایت اور تکلیف یہ ہے کہ پنجاب کے مختلف تھانوں میں ہمارے کارکنوں کیخلاف نواز شریف اور شہباز شریف کے حکم پر جھوٹی ایف آئی آر درج ہوئی تھیں۔ وہ ایف آئی آرز بدستور قائم ہیں۔ سب جانتے ہیں نواز شریف، شہباز شریف نے عوامی تحریک کے رہنماؤں اور کارکنوں کو اپنے روایتی سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔ بارہا اس طرف توجہ مبذول کروائی گئی لیکن یہ ایف آئی آرز ختم نہیں کی جا رہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پاکستان کی تاریخ کا ایک افسوسناک سانحہ ہے، یہ ظلم ہے۔ میں کل بھی انصاف کیلئے ورثاء کیساتھ تھا میں آج بھی انصاف کی ایک مضبوط آواز ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے بغیر کوئی ملک اور معاشرہ باوقار نہیں ہو سکتا۔ ہمیں اپنے انصاف، تفتیش اور پراسیکیوشن کے ادارے کو اتنا مضبوط بنانا ہے کہ کمزور طاقتور کے مقابلے میں ناانصافی کا شکار نہ ہو۔ گورنر پنجاب نے وعدہ کیا کہ وہ انصاف کی فراہمی کے حوالے سے جو قانونی کردار ادا کر سکے ضرور کریں گے۔ خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ ہم 2014ء کے آپ کے غیر جانبدار رویے کے معترف ہیں۔ آج بھی امید رکھتے ہیں کہ آپ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے اپنا غیر جانبدارانہ کردار ادا کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 937261

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/937261/سانحہ-ماڈل-ٹاؤن-پاکستان-کی-تاریخ-کا-ایک-افسوسناک-واقعہ-ہے-گورنر-پنجاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org