QR CodeQR Code

مذہبی سیاحت کے فروغ سے ہم آہنگی کا جذبہ اُجاگر ہوگا، علی رضا رضوی

10 Jun 2021 11:19

فیڈریشن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے مذہبی سیاحت کے چیئرمین کا سیمینار سے خطاب میں کہنا تھا کہ ملک میں بیشتر مذہبی مقامات متروکہ وقف املاک کی زیرنگرانی اپنے زائرین کو سہولیات پہنچانے کیلئے سرگرم عمل ہیں، تاہم حکومت اگر درباروں، مندروں، گوردواروں کی مناسب دیکھ بھال کرے اور وہاں بنیادی سہولیات بلاتعطل فراہم کرے تو ملکی معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت مذہبی دینی درسگاہوں، مقامات سمیت مندروں، گوردواروں کو مناسب سہولیات اور سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کرے تو اربوں روپے سالانہ زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ مذہبی سیاحت کے فروغ سے محبت، بھائی چارے کو فروغ کیساتھ ساتھ مذہبی ہم آہنگی کا جذبہ اجاگر ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار فیڈریشن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے مذہبی سیاحت کے چیئرمین علی رضا رضوی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں عرفان جمیل بشپ آف لاہور، جیکولین ٹرسلر، ڈاکٹر عاصمہ ممدوٹ، شازیہ سلمان، مفتی اقبال کھرل، آصف علی میاں، پنڈت بھگت لال، محمد علی میاں، ڈاکٹر عاصم اور خالد چودھری نے شرکت کی۔
 
علی رضا رضوی نے کہا کہ ملک میں بیشتر مذہبی مقامات متروکہ وقف املاک کی زیرنگرانی اپنے زائرین کو سہولیات پہنچانے کیلئے سرگرم عمل ہیں، تاہم حکومت اگر درباروں، مندروں، گوردواروں کی مناسب دیکھ بھال کرے اور وہاں بنیادی سہولیات بلاتعطل فراہم کرے تو ملکی معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔
 
مسٹر عرفان جمیل، ڈاکٹر عاصمہ ممدوٹ، مفتی اقبال کھرل اور آصف علی میاں کا کہنا تھا کہ لاہور، ملتان، اسلام آباد، سندھ، بلوچستان، کے پی کے سمیت ملک بھر میں طول و عرض پر پھیلے مذہبی مقامات حکومت کی عدم توجہی کے باعث اپنی شناخت کھو رہے ہیں۔ کرتارپور، ننکانہ صاحب کی طرز پر تمام مقامات پر توجہ دی جائے تو مذہبی سیاحت کو جہاں فروغ حاصل ہوگا وہاں اربوں روپے زرمبادلہ بھی اکٹھا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی مقامات پر سیاحت کیلئے ہر مسلک و مذہب کے لوگ آئیں گے جس سے ہم آہنگی اور بھائی چارے کو بھی فروغ ملے گا۔


خبر کا کوڈ: 937287

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/937287/مذہبی-سیاحت-کے-فروغ-سے-ہم-ا-ہنگی-کا-جذبہ-ا-جاگر-ہوگا-علی-رضا-رضوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org