0
Thursday 10 Jun 2021 18:51

بجٹ میں عوام کو بھرپور ریلیف ملے گا، چودھری محمد سرور

بجٹ میں عوام کو بھرپور ریلیف ملے گا، چودھری محمد سرور
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ (ق) لیگ سمیت تمام اتحادی بجٹ کی منظوری کیلئے بھی حکومت کے ساتھ ہوں گے۔ اتحادیوں کے بعض معاملات پر تحفظات جمہوریت کا حسن ہیں۔ اپوزیشن دیکھتی رہ جائے گی اور وفاقی و صوبائی بجٹ منظور ہو جائیں گے۔ آئندہ بجٹ میں ہر شعبے میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ وہ گورنر ہاﺅس میں تحریک انصاف کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اعجاز احمد چوہدری سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے، اس موقع پر سیاسی اور حکومتی سمیت دیگر امور کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ (ق) لیگ سمیت کسی بھی اتحادی جماعت نے بجٹ منظور نہ کروانے کی بات نہیں کی اور سب حکومت کیساتھ  ہیں۔ اس لیے اتحادی جماعتوں کیساتھ  ملکر بجٹ منظور کروانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت ہر معاملے میں اتحادیوں کو پہلے بھی ساتھ لیکر چل رہی ہے اور آئندہ بھی انہیں ساتھ لیکر چلیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ملک کی ترقی و خوشحالی اور اداروں کی مضبوطی کے لیے حکومت اور اتحادی ایک پیج پر ہیں۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تحریک انصاف جب سے اقتدار میں آئی ہے، اپوزیشن ہر روز نیا ایشو بنانے کی کوشش کرتی ہے، مگر عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو جتنے بھی مسائل درپیش ہیں، ان کی بنیادی وجہ ماضی کے حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج حکومت ہر شعبے میں اصلاحات کے ذریعے عوام کو ریلیف دے رہی ہے اور آئندہ وفاقی اور صوبائی بجٹ میں بھی عوام کو بھرپور ریلیف دیا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ قوم سے کیے جانیوالے وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ گورنر نے کہا کہ جو اپوزیشن خود ایک دوسرے کے خلاف میدان میں آچکی ہے، اس سے ہماری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ اپوزیشن کی سیاست اس وقت خطرے میں ہے۔ تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے اور سیاسی مخالفین کے تمام عزائم کو ہم نے پہلے بھی عوامی طاقت سے ناکام بنایا ہے، آئندہ بھی حکومت مضبوطی سے آگے بڑھے گی اور نہ صرف حکومت بلکہ عمران خان بھی بطور  وزیراعظم اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 937337
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش