QR CodeQR Code

بدترین لوڈشیڈنگ سے حکومتی دعوے جھوٹ ثابت ہوچکے ہیں، میاں ذکر اللہ مجاہد

10 Jun 2021 19:34

کوٹ لکھپت زون کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور کا کہنا تھا کہ سخت گرمی میں عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں دن رات بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جسکی وجہ سے معیشت، تجارت و دیگر معمولات زندگی شدید متاثر ہیں پینے کا پانی کئی علاقوں میں نایاب ہوچکا ہے۔ 


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سخت گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا برا حال کر دیا ہے۔ فنی خرابی اور فالٹ کے نام پر کئی کئی گھنٹے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کا تعطل سنگین مسئلہ بن چکا ہے، وفاقی حکومت اور لیسکو حکام کے شہر میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے بلند و بانگ دعوے جھوٹ ثابت ہوچکے ہیں۔ عوام سخت گرمی سے بلک رہے ہیں اور بچے بے ہوش ہو رہے ہیں جبکہ حکمران طبقہ ائیرکنڈیشن کمروں میں بیٹھا بے تحاشہ مہنگی بجلی کے بلوں سے عوام کا خون نچوڑ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹ لکھپت زون کے عہدیداران کے اجلاس میں لاہور بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں امیر جماعت اسلامی جنوبی لاہور خالد احمد بٹ، صدر الخدمت فاونڈیشن لاہور انجینیئر حماد رشید، امیر زون 166 حافظ محمود احمد، سیکرٹری زون خورشید چوہان، مغیث شاہد قریشی و دیگر عہدیداران موجود تھے۔

میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ سخت گرمی میں عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں دن رات بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کی وجہ سے معیشت، تجارت و دیگر معمولات زندگی شدید متاثر ہیں، پینے کا پانی کئی علاقوں میں نایاب ہو چکا ہے۔ اللہ اللہ کرکے تعلیمی سلسلہ اگر بحال ہو ہی گیا تھا تو بجلی کی لوڈشیڈنگ نے بچوں کو بدترین حالات کا شکار کر دیا ہے۔ سکولوں میں بچے حبس اور گرمی سے بے ہوش ہو رہے ہیں۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص سراپا احتجاج ہے۔ حکمران اور لیسکو کے افسران ایئرکنڈیشنڈ کمروں اور ٹی وی پروگرامز کے سحر سے نکل کر حقیقت کا سامنا کریں کہ عوام سخت گرمی میں بغیر بجلی کے کس اذیت سے دوچار ہے۔


خبر کا کوڈ: 937351

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/937351/بدترین-لوڈشیڈنگ-سے-حکومتی-دعوے-جھوٹ-ثابت-ہوچکے-ہیں-میاں-ذکر-اللہ-مجاہد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org